وزیر اعظم مودی کا وارانسی ریلوے اسٹیشن کا اچانک معائنہ 

وارانسی : وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے منڈاوڈی ریلوے اسٹیشن کا رات میں اچانک معائنہ کرکے سب کو حیران کردیا ۔ نریندر مودی نے یہاں پر مسافروں کو ملنے والی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ مسٹر مودی کا قافلہ تقریبا دس بجے اسٹیشن کے احاطے میں داخل ہوئے ۔مسافرین انہیں یہاں دیکھ کر چونک گئے ۔ مودی نے اسٹیشن میں داخل ہوتے ہی پلیٹ فارم نمبر ۱ کا معائنہ کیا ۔ او رریلوے حکام سے زیر تعمیر کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔

اس موقع پر ان کے ساتھ یوپی کے وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ او ردوسرے بھی شامل تھے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اگلے سال جنوری میں وارانسی میں غیر مقیم ہندوستانیوں کی کا نفرنس کے دوران آ نے والے غیر ملکی مہمان بڑی تعداد میں اسی اسٹیشن سے الہ آباد میں منعقد کمبھ کا میلا دیکھنے جاسکتے ہیں ۔ نریندر مودی اس تعلق سے بے حد سنجیدہ ہیں ۔ او ر اسی سلسلہ میں ان کا یہ دورہ مانا جارہا ہے۔ اور امکان ہے کہ اس ریلوے اسٹیشن ’’ منڈواڈی ‘‘ کا نام تبدیل کر کے بنارس یا کاشی رکھے جانے کا امکان ہے۔

منڈاوڈی پہنچنے پر پہلے وزیر اعظم مودی نے شری کاشی وشوا ناتھ مندر میں پوجا کی ۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی کی ۶۸؍ ویں سالگرہ کے موقع پر وارانسی شہر کوزبر دست طریقہ سے سجادیاگیا ہے۔