زبردست اکثریت کے ساتھ دوبارہ وزیر اعظم کاعہدہ لینے سے پہلے نریندر مودی پیر کو اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی پہنچے۔ 4.79 لاکھ ووٹوں کے فرق سے وارانسی لوک سبھا سیٹ جیتنے کے بعد یہ وزیر اعظم مودی کا یہاں کا پہلا دورہ ہے۔ تاریخی جیت سے ہمکنار کرانے کے لئے یہاں کے عوام کا شکریہ ادا کرنے کے علاوہ وزیر اعظم نے کاشی وشوناتھ مندر میں پوجا ارچنا بھی کی۔
وزیر اعظم نے کاشی وشو ناتھ کی زیارت کی۔ اس کے بعد وہ بڑالال پور واقع پنڈت دین دیال اپادھیائے ہست کلا سنکل میں کارکنان کے اجلاس سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر بی جے پی صدر امت شاہ، ریاستی صدر ڈاکٹرمہندر ناتھ پانڈے، ریاست کے کئی وزرا سمیت دیگر معزز شخصیات موجود ہیں.
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ جو کرشمہ نظر آ رہا ہے وہ کام کا ہے اور کام کے ساتھ کارکنان کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں ہمیں دو چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سیاسی تشدد اور سیاسی چھوت چھات۔ ہمارے کارکن کشمیر، کیرالہ اور مغربی بنگال میں مارے گئے یا ان پر حملہ کیا گیا۔ یہ شرمناک اور غیر جمہوری ہے۔ ساتھ ہی وزیر اعظم نے کہا کہ میں اپنے خلاف کھڑے ہوئے اپوزیشن پارٹیوں کے امیدواروں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں، لوک سبھا الیکشن کے دوران مسلسل کوریج کے لئے انہوں نے میڈیا کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
نریندر مودی نے کہا کہ آج اترپردیش کی سیاست ملک کی سیاست کو ایک نئی سمت دے رہی ہے۔ 2014 ہو، 2017 ہو یا پھر 2019 ہو، یہ ہیٹرک چھوٹی نہیں ہے۔ اترپردیش کے گاوں کا غریب شخص بھی ملک کی صحیح سمت کے بارے میں سوچتا بھی ہے اور اس سمت میں چلتا بھی ہے.