نئی دہلی : گوشت تاجروں کو درپیش مسائل او ران کے حل کیلئے آل انڈیا جمعیۃ القریشی کے قومی صدر سراج الدین قریشی سے صوبے دہلی کے صدر عتیق ساجد او رعبدالواحد قریشی نے انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر میں ملاقات کی ۔ میٹنگ میں کئی موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔او راس بات پر بھی اظہار اطمینان کیاگیا ہے کہ پہلے کی طرح اب تاجروں کو پریشان نہیں کیا جارہا ہے ۔
اس موقع پر ساجد عتیق نے کہا کہ ۲۳؍ جولائی کو احمد آباد میں جمعیۃ کی سالانہ میٹنگ کے ساتھ ساتھ قومی صدر کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تاجروں کے مسائل دور ہوں اور تاجروں کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو ۔ اس موقع پر سراج الدین قریشی نے کہا کہ ۱۵؍ سال قبل جب میں جمعیۃ کا صدر منتخب ہوا تھا اس وقت جمعیت منظم نہیں تھی ۔کوئی ایک پلیٹ فارم نہیں تھا۔ قریشی برادر ی کے لوگ اپنے نام کے ساتھ قریشی لکھنے میں بھی گھبراتے تھے ۔ہر جگہ ان کے ساتھ ظلم و زیادتی ہوتی تھی لیکن جب میں ذمہ داری سنبھالی تو سب سے پہلے میں نے جمعیۃ کو منظم کیا ۔لوگوں کو بتایا کہ بھلے ہی وہ کوئی بھی پیشہ اپنائے لیکن اپنی شناخت کو باقی رکھیں ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے گوشت کا کاروبار کرنے والوں کو بہت پریشان کیا جاتا تھا اور کچھ غلطیا ں ہمارے لوگ بھی کرتے تھے ۔ہم نے ہر شہر میں جاکر لوگوں کو سمجھایا کہ وہ اپنی دکان یا سلاٹر ہاؤس کو ایک اسپتال سمجھیں اورخود کو ڈاکٹر ۔یہ سمجھ کر کام کریں گے نہ تو دکان میں کوئی گندگی ہوگی اور جانوروں کے صحت کیساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی ۔آج ہمیں خوشی ہے کہ جمعیۃ قریشی ملک کے ہر صوبہ میں منظم طریقہ سے کام کررہی ہے او رسال میں ایک مرتبہ کسی نہ کسی شہر میں ہماری میٹنگ ہوتی ہے جس میں تاجروں کے مسائل حل کئے جاتے ہیں۔
سراج الدین نے کہا کہ وہ اپنی برادری کے مسائل کے سلسلہ میں دو مرتبہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرچکے ہیں ۔اس ملاقات پر مودی نے کہا کہ اس کاروبار سے جانوروں کی تعداد میں کمی آرہی ہے ۔تو میں نے انہیں تشفی بخش جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس کاروبار میں مسلم سے زیادہ غیر مسلم کی تعداد زیادہ ہیں ۔اس سے کسانوں کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے ۔میں نے انہیں بتایا کہ تقریبا ۵۰ ؍ ہزار کروڑ کا سالانہ کاروبار ہوتا ہے ۔
اس کے علاوہ یوپی میں نئی حکومت آنے کے بعد یہ کاروبار بند ہونے کے در پے تھا مگر میں نے وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ سے ملاقات کرکے انہیں حالات سے آگاہ کروایا اورہمیں وہاں کامیابی ملی ۔یوگی جی نے کہا کہ میں اپنی قوم کے ساتھ ہمیشہ کھڑا ہوں اور ان کے ہر دکھ درد میں ساتھ ہوں ۔