سشما سوراج اور وانگ ای کا ہند۔چین تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال
بیجنگ۔22اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ ہندوستان سشما سوراج نے آج وزیر خارجہ چین وانگ ای سے ملاقات کی اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ۔ باہمی تنازعات کو اعلیٰ سطحی تبادلہ خیال اور امن نے رکاوٹ بننے سے انسداد کے طریقوں پر غور کیا گیا ۔ سشما سوراج کل چار روزہ چین کے لئے یہاں پہنچی ہیں ۔ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی چوٹی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گی ۔ ان کا استقبال وزیر خارجہ چین وانگ ای نے سرکاری گیسٹ ہاؤز واقع بیجنگ میں کیا اور دونوں قائدین نے باہمی تعلقات کے ہر پہلو پر تبادلہ خیال کیا ۔ یہ دونوں وزرائے خارجہ کی اولین ملاقات کی تھی ۔ قبل ازیں وانگ ای نے سشما سوراج سے بطور حکومت کے مشیر ملاقات کی تھی ‘ وہ ملک کے اعلیٰ سطحی سفارت کار ہے اور بطور وزیر خارجہ بھی کام کررہے ہیں ۔ اپنے ابتدائی تبصرے میں سشما سوراج نے وانگ ای بحیثیت حکومت کے مشیر اور ہند ۔ چین سرحدی مذاکرات میں حکومت کے خصوصی نمائندہ کی حیثیت سے تقرر پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔ سشما سوراج نے کہاکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قیادت آپ کی صلاحیتوں پر کتنا بھروسہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ہند ۔ چین تعلقات میں بہتری پیدا ہوگی ۔ انہوں نے عہد کیا کہ وہ چینی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی جدوجہد کریں گی ۔ وانگ ای نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں اچھی ترقی دیکھی جارہی ہے ۔ جاریہ سال تحریک مثبت سمت میںجاری ہے اور دونوں ممالک کے قائدین اس کی رہنمائی کررہے ہیں ۔ صدر ژی جن پنگ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے فون پر بات کی ہے اور چین وزیراعظم سے صدر چین کے تبادلہ خیال کو انتہائی اہمیت دیتاہے ۔