ہند ۔ سنگاپور تعلقات گرم جوش اور قریب ترین، ہندوستانی برادری سے مودی کا خطاب
سنگاپور ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور سنگاپور نے آج بزنس سے بزنس اور بزنس سے حکومت کے شعبہ میں 14 معاہدات کا اعلان کیا گیا۔ ان معاہدوں میں ہندوستان کی ایجادات اور صنعتکاری اور ماحولیات کے نظام کو بیرون ملک فروغ دینے کا معاہدہ بھی شامل ہے۔ ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ہند ۔ سنگاپور گرم جوش اور قریب ترین تعلقات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کا مستقبل دنیا بھر میں لا محدود ہے اور ہندوستانیوں کیلئے تمام ممالک میں وسیع ترین مواقع موجود ہیں اور وہ ہر شعبہ میں اپنا مقام پیدا کرسکتے ہیں۔ وہ تین قومی دورہ کے آخری مرحلہ پر آج سنگاپور پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات طاقتور ترین ہیں اور دونوں ممالک ہمارے دور کی شراکت داری قائم کررہے ہیں۔ جب ہندوستان نے اپنے دروازہ پوری دنیا کیلئے کھول دیئے اور مشرق کو اپنے پیش نظر رکھنا شروع کردیا تو سنگاپور ہر شعبہ میں ہندوستان اور آسیان کے درمیان ایک پل کا کام کرتے ہوئے اپنا مقام بنانے لگا۔ انہوں نے کہا کہ ہند ۔ سنگاپور تعلقات گرمجوش ترین اور قریب ترین ہیں اور اس سلسلہ میں کسی سے بھی مسابقت، کسی کے بھی دعوے اور کسی کے بھی شکوک و شبہات ہمیں درپیش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی برادری بزنس اور ساحل میرینا کی ریت پر قائم کنونشن سنٹر میں بزنس چوٹی کانفرنس منعقد کرے گی جس کے موقع پر ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان بزنس سے بزنس اور بزنس سے حکومت کے درمیان 14 معاہدات پر دستخط کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی تہذیبی ورثا دونوں ممالک کے تعلقات کی مشترکہ دولت ہے اور دونوں ممالک کے اقدار بھی مشترک ہیں۔ ہندوستان اور سنگاپور ہمارے دور کی سب سے بڑی شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات دفاعی شراکت داری کے سلسلہ میں حقیقت میں ہر آزمائش سے گزر چکے اور کامیاب رہ چکے ہیں۔