بیجنگ ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان آج چین کے دورہ پر پہنچے جو حالیہ دنوں میں کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کی جانب سے کیا جانے والا اہم دورہ تصور کیا جارہا ہے۔ یاد رہیکہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کو ’’ہر موسم کا دوست‘‘ قرار دیتے ہیں جبکہ عمران خان کے چار روزہ دورہ کے دوران سی پی ای سی پراجکٹس پر پائے جانے والے بعض اختلافات دور کرنا ان کا اہم مقصد ہے اور علاوہ ازیں پاکستان اپنے ’’دوست ممالک‘‘ سے اس لئے بھی ربط میں رہنا چاہتا ہے کیونکہ وہ آئی ایم ایف کے ذریعہ دیئے جانے والے انتہائی مشکل بیل آڈٹ پیکیج کو نظرانداز کرنا چاہتا ہے۔ عمران خان چینی صدر ژی جن پنگ کے علاوہ وزیراعظم لی کیگیانگ سے ملاقات کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی موضوع پر بات چیت کے علاوہ کئی معاہدوں پر دستخط بھی کریں گے۔ اپنے دورہ کے دوران 5 نومبر کو شنگھائی میں منعقد شدنی چین کے انٹرنیشنل ایکسپو کا بھی مشاہدہ کریں گے۔ پاکستانی میڈیا میں شائع ہوئی رپورٹس کے مطابق عمران خان کے ساتھ ملک کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرمالیات اسدعمر، ٹریڈ اور کامرس کے مشیر عبدالرزاق داؤد اور ریلویز کے وزیر شیخ رشید بھی چین کے دورہ پر ہیں۔ تازہ ترین اطلاع کے مطابق عمران خان اور جن پنگ کی ملاقات کے بعد چین نے پاکستان کو 6 بلین امریکی ڈالرس کی امداد دینے کا وعدہ کیاہے۔
ٹرمپ اور جن پنگ کی فون پر بات چیت
بیجنگ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو چین کے صدر ژی جن پنگ کے ساتھ فون پر گفتگو کی، اس دوران انہوں نے ارجنٹینا میں ہونے والی G-20کانفرنس کے دوران دو طرفہ ملاقات کے امکان پر بات کی۔چینی خبررساں ایجنسی ژنہوا کی رپورٹ کے مطابق مسٹر ٹرمپ نے بات چیت میں کہا کہ وہ G-20 اجلاس کے دوران ژی جن پنگ سے ملنے کی توقع کر رہے ہیں تاکہ دو طرفہ تجارت اور جزیرہ نما کوریا کے معاملے پر سنجیدگی سے تبادلہ خیال کر سکیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک میٹنگ کی تیاری کے لئے مشترکہ کوشش کریں گے ۔ مسٹر ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ چین کے صدر ژی جن پنگ کے ساتھ طویل اور بہت اچھی گفتگو ہوئی۔ ہم لوگوں نے کئی موضوعات پربات کی جن میں تجارت پر خاص طور پر زور دیا۔