مائنمار کے دیگر ثقافتی تاریخی مقامات کا دورہ اور مندر میں پوجا
یانگون ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج مغل سلطنت کے آخری شہنشاہ بہادر شاہ ظفر کے مزار پر حاضری دی اور اپنے عقیدت و احترام کا اظہار کیا۔ مودی نے بہادر شاہ ظفر کی ’’مزار‘‘ پر پہنچ کر گل افشانی کرتے ہوئے دعا کی۔ وزیراعظم نے ازخود ایک تصویر ٹوئیٹر پر پوسٹ کردی ہے جو مغل حکمراں کے مقبرہ میں اپنی حاضری سے متعلق ہے۔ بہادر شاہ ظفر اردو کے ممتاز شاعر اور عظیم خطاط تھے۔ 87 سال کی عمر میں ان کا رنگون میں اس وقت انتقال ہوا جب انہیں 1857 کی تحریک آزادی کے بعد انگریزوں نے ملک بدر کردیا تھا۔ یہاں انہوں نے اپنی جلاوطنی کی زندگی گذاری تھی۔ ارو کے عظیم شاعر ہونے کی وجہ سے جلاوطنی کے دوران کہی گئی ان کی غزلیں دل کو چھولیتی ہیں۔ ان کا یہ شعر ایک شہنشاہ کی بے کسی کے حالات کی عکاسی کرتا ہے ۔
کتنا ہے بدنصیب ظفر دفن کے لئے
دو گز زمین بھی نہ ملی کوئے یار میں
وزیراعظم مودی نے مائنمار کے دیگر ثقافتی تاریخی مقامات کا بھی دورہ کیا۔ یانگون کے 2,500 سال قدیم مقام کا بھی دورہ کیا جس کو مائنمار کی تاریخی ثقافتی میراث سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے یہاں کالی بڑی مندر میں پوجا بھی کی۔ وزیراعظم نے بدھسٹوں کے اکثریت والے ملک کے اپنے 3 روزہ دورہ کے آخری دن پکوڈا مقام پہنچ کر خراج پیش کیا۔ انہوں نے پکوڈا کامپلکس میں بدھی درخت بھی لگایا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہاکہ مودی نے یہاں کچھ دیر ٹھہر کر تاریخی میراث والے اس علاقہ کا معائنہ کیا۔ وزیراعظم نے ٹوئیٹ کیا ہیکہ وہ مائنمار کی تاریخی ثقافت سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔