نئی دہلی ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو آج جموں و کشمیر میں پاکستانی جنگی طیاروں کی جانب سے ہندوستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد تازہ ترین صورتحال سے واقف کروایا گیا۔ انٹلیجنس اور سیکوریٹی کے اعلیٰ عہدیدار آج کی اولین ساعتوں میں پی ایم او پہنچے اور پاکستان میں جہادی تنظیم جیش محمد کے دہشت گرد کیمپوں پر انڈین ایرفورس کی گذشتہ روز سے بمباری کے بعد رونما ہونے والے حالات اور واقعات سے واقف کروایا۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول، ہندوستانی بحریہ، فوج، انڈین ایرفورسس اور دیگر سیکوریٹی عہدیداروں نے ملاقات کے دوران تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بعدازاں سرکردہ دفاعی و سیکوریٹی عہدیداروں نے وزیراعظم کو تازہ ترین واقعات سے باخبر کیا۔