وزیراعظم اسرائیل بنجامن نیتن یاہو کے بھائی کی 41 سال قبل قربانیوں پر ستائش، پھولوں کے فارم اور یہودی قتل عام میوزیم کا دورہ
ایک اسرائیلی پھول ’’مودی‘‘ سے موسوم، وزیراعظم اسرائیل کے لبوں پر ہر دَم نریندر مودی کا تذکرہ، اسرائیلی وزیر مواصلات کا ادعا
تل ابیب 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی تاریخی دورہ پر آج اسرائیل پہونچے جہاں وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے پروٹوکول کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بین غورین ایرپورٹ پر ان کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا۔ خصوصی طیارے سے اُترنے کے بعد مودی، نیتن یاہو سے بغلگیر ہوگئے اور سرخ قالین استقبال کیا گیا۔ نیتن یاہو نے دونوں ہاتھ جوڑ کر روایتی انداز میں نمستے کیا اور ہندی زبان میں مودی سے کہاکہ ’’آپ کا سواگت ہے میرے دوست‘‘۔ بعدازاں ایرپورٹ پر فوجی بینڈ پر دونوں ملکوں کے قومی ترانوں کی دھن بجائی گئی۔ اس موقع پر اسرائیل کے تمام سینئر وزراء موجود تھے۔ نریندر مودی کا انتہائی عظیم الشان پیمانے پر استقبال کیا گیا بالعموم اس قسم کا انداز یہاں صرف امریکی صدور کیلئے محفوظ و مخصوص ہے۔وزیراعظم نریندر مودی آج اسرائیل روانہ ہوگئے۔ اس یہودی مملکت کا دورہ کرنے والے وہ ہندوستان کے پہلے وزیراعظم ہیں۔ نریندر مودی اس دورہ کے موقع پر اپنے ہم منصب بنجامن نیتن یاہو سے اقتصادی تعلقات کے فروغ اور دہشت گردی جیسے مشترکہ مسائل سے نمٹنے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مودی 6 جولائی تک اسرائیل میں رہیں گے بعدازاں جی ۔ 20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے جرمنی کے شہر ہیمبرگ روانہ ہوں گے۔ وہ اسرائیل کے صدر ریووین روی ریولین سے ملاقات کے علاوہ دونوں ملکوں کے صنعتکاروں، تاجرین اور ہندوستانی برادری کے ارکان سے خطاب کیا۔
انسانی تاریخ کے بدترین المیوں میں شامل نازیوں کے مظالم کے شکار یہودی مہلوکین کے اعزاز میں تعمیر شدہ یاد واثم میوزیم گئے اور ان بہادر ہندوستانی سپاہیوں کو بھی خراج عقیدت ادا کیا جنھوں نے 1918 ء میں حیفہ کی آزادی کے لئے اپنی جان قربان کی تھی۔ وزیراعظم مودی نے اپنے بیان میں کہاکہ ’’میں، اسرائیل کا تاریخی دورہ شروع کررہا ہوں۔ یہ ملک ہندوستان کا ایک خاص ساجھیدار ہے۔ اسرائیل کا دورہ کرنے والا میں اس ملک کا پہلا وزیراعظم بھی ہوں جہاں میں ایک ایسے فقیدالمثال دورہ کا متمنی ہوں جو دونوں ملکوں اور ان کے عوام کو ایک دوسرے سے مزید قریب تر کرسکتا ہے‘‘۔ مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’میں اپنے دوست اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو سے جامع مذاکرات کی اُمید کرتا ہوں جو خود بھی گرمجوشانہ ہند ۔ اسرائیل تعلقات کا عزم رکھتے ہیں‘‘۔ ہندوستان اور اسرائیل اس سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 25 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ وزیراعظم مودی اس موقع پر دونوں ملکوں کے تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پھولوں کے فارم ڈان زنگر فلاور فارم کا بھی وزیراعظم اسرائیل کے ہمراہ دورہ کیا۔ اس موقع پر اسرائیل کے ایک نئے پھول کو ’’مودی‘‘ کے نام سے موسوم کیا گیا۔ اسرائیل کے وزیر مواصلات ایوب کارہ نے وزیراعظم ہندوستان مودی سے کہا کہ وزیراعظم اسرائیل بنجامن نیتن یاہو ہمیشہ ان کا تذکرہ کرتے رہتے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے وزیراعظم اسرائیل نیتن یاہو کے بھائی کی 41 سال قبل قربانیوں کی دل کھول کر ستائش کی۔