نئی دہلی 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی آج یوم جمہوریہ پریڈ کے اختتام کے ساتھ ہی راج پتھ پر پیدل چل پڑے اور وہ انڈیا گیٹ تک پہونچ کر شہیدوں کی یادگار پر سلامی دی۔ اُنھوں نے راج پتھ پر سکیورٹی پروٹوکول کو بالائے طاق رکھ کر عوام کے خیرمقدم کا براہ راست جواب دینے کے لئے پیدل نکل پڑے۔ یوم جمہوریہ تقریب کا مشاہدہ کرنے کے لئے جمع عوام کے جوش و خروش کا اُنھوں نے پیدل چل کر اور ہاتھ ہلاتے ہوئے جواب دیا۔ یوم جمہوریہ پریڈ میں صدرجمہوریہ رامناتھ کووند اور آسیان کے 10 اقوام کے قائدین بھی شریک تھے۔ وزیراعظم مودی سڑکوں پر سے گزرتے ہوئے انڈیا گیٹ پہونچے۔ زعفرانی، سرخ اور سبز رنگ کی پگڑی باندھ کر مودی راج پتھ پر جمع ہجوم کو ہاتھ ہلاکر جواب دیا۔ اُن کے پیچھے سکیورٹی گارڈس بھی چل رہے تھے۔ سکیورٹی گارڈس کو وزیراعظم سے مصافحہ کرنے کے لئے دھکم پیل کرنے والے ہجوم کو قابو پانے میں مشکل پیش آئی۔