مودی حکومت مقبولیت سے محروم ‘ عوام میںبرہمی ۔ وزارت عظمی کی دوڑ میں شامل نہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو کا انٹرویو
امراوتی ( اے پی ) 4 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش و صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ این ڈی اے کے متبادل کے طور پر اپوزیشن اتحاد از خود ابھر جائیگا چاہے اس کیلئے وزارت عظمی امیدوار کو پیش نہ بھی کیا جائے ۔ نائیڈو نے پی ٹی آئی سے یہ بات کہی ۔ وہ پہلے بی جے پی کے حلیف تھے تاہم جاریہ سال کے اوائل میں انہوں نے مرکزی حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی کیونکہ اس نے آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دینے سے انکار کردیا تھا ۔ نائیڈو نے کہا کہ وہ اپنی جانب سے بھی اپوزیشن قائدین کو ایک محاذ پر جمع کرنے کوشش کرینگے ۔ نائیڈو نے کہا کہ ایک متبادل محاذ از خود ابھر جائیگا ۔ عوام مودی حکومت سے نالاں ہیں اور وہی کسی متبادل کا انتخاب کرلیں گے ۔ نائیڈو نے اس احساس کا اظہار بھی کیا کہ اپوزیشن اتحاد کیلئے کسی وزارت عظمی امیدوار کو پیش نہ کرنے سے اتحاد کے امکانات متاثر نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری کے طور پر وہ ایک متبادل کیلئے کام کرینگے ۔ وہ اپنا رول ضرور ادا کرینگے ۔ ہم تمام جماعتوں کو ایک جگہ جمع کرنے کی کوشش کرینگے جو قوم کے مفاد میں کام کرنا چاہتی ہوں۔ انہوںنے کہا کہ اپوزیشن اتحاد قائم کرنے اب بھی کئی جماعتوں سے بات چیت کی جا رہی ہے ۔ حال ہی میں انہوں نے جنتادل ایس لیڈر و چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی دیوے گوڑا سے بات چیت کی ہے ۔ ہم دوسری جماعتوں سے بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی اتحاد راتوں رات قائم نہیں ہوجاتے۔ ماضی میں بھی ماقبل اور مابعد انتخابات اتحاد ہوئے ہیں اور وہ اتحاد مختلف صورتحال اور مختلف وقتوں میں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کچھ موقعوں پر ایسی صورتحال رہی تھی جب کوئی بھی وزارت عظمی امیدوار کی پیش قیاسی نہیں کرسکتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمی امیدوار کا انتخاب کئی حالات پر منحصر ہوگا اور بعض موقعوں پر انتخابات سے قبل امیدوار کا اعلان مضر بھی ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی امیدوار کے طور پر ابھریگا وہ اتفاق رائے سے ہوگا ۔ اگر انتخابات سے قبل اتفاق رائے ہوجائے تو یہ بڑی بات ہوگی ۔ اس سوال پر کہ آیا وہ وزارت عظمی عہدہ کی دوڑ میں ہیں نائیڈو نے نفی میں جواب دیا اور کہا کہ وہ کبھی مرکز میں نہیں جائیں گے ۔ انہوں نے کبھی مرکز میں کسی عہدہ یا رول کی خواہش نہیں کی ہے ۔ اس سوال پر کہ اپوزیشن اتحاد کس طرح بی جے پی کو شکست دیگا نائیڈو نے کہا کہ وہ گذشتہ 40 سال سے سیاست میں ہیں ۔ وہ 1995 میںچیف منسٹر بنے ۔ وہ این ڈی اے اور یو پی اے دونوں کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ ان کے خیال میں آج صورتحال جتنی ابتر ہے وہ کبھی نہیں تھی ۔ ملک بدترین حالات کا شکار ہے ۔ یہ حکومت عوام کے تئیں اپنا فرض ادا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ اب عوام ہی اس کا متبادل تلاش کرلیں گے ۔ مودی حکومت مقبولیت سے محروم ہوچکی ہے ۔