ڈاؤس : کے ٹی آر کی مکیش امبانی، چیف منسٹر نائیڈو سے ملاقات

کئی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال۔ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس سے کل خطاب

حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صنعت کے ٹی آر نے ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم میں ہندوستان کے مشہور بزنسمین مکیش امبانی، چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو، وزیر آئی ٹی نارا لوکیش کے علاوہ مشہور کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سے ملاقات کی۔ وہ 25 جنوری کو Leveraging Digital to Deliver Value to Society کے موضوع پر خطاب کریں گے۔ ڈاؤس میں جاری اجلاس میں کے ٹی آر نے شرکت کی۔ آج پلینری اجلاس میں وزیراعظم نریندر مودی کے بشمول مختلف ممالک کے سربراہان، ریاستوں کے چیف منسٹرس، دنیا کے مشہور کمپنیوں کے صدورنشین، چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے شرکت کی۔ 26 جنوری تک جاری رہنے والے اس اجلاس کے مختلف سیشنس سے تلنگانہ کے وزیر صنعت کے ٹی آر خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ 25 جنوری کو ہی مرکزی وزیر سریش پربھو کے ساتھ منعقد ہونے والے راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں بھی کے ٹی آر Promoting Design in India کے موضوع پر خطاب کریں گے۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے ساڑھے تین سال میں تلنگانہ کو ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ ڈاؤس میں منعقدہ اس اجلاس کی تلنگانہ سے کے ٹی آر پہلی مرتبہ نمائندگی کررہے ہیں۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے بتایا کہ وہ اس کانفرنس کے ذریعہ ساری دنیا کو تلنگانہ کی صنعتی پالیسی اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول سے واقف کراتے ہوئے انھیں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے اور تلنگانہ کو ساری دنیا میں متعارف کرائیں گے۔ اس کانفرنس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ دنیا کی مشہور کمپنیوں اور کارپوریٹ اداروں کے صدورنشین و سی ای اوز سے ملاقات کریں گے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے پلینری سیشن کے اختتام کے بعد کے ٹی آر نے چیف منسٹر آندھراپردیش چندرابابو نائیڈو، وزیر نارا لوکیش اور تلگودیشم کے رکن پارلیمنٹ جے جئے دیو، مکیش امبانی کے علاوہ دوسروں سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انڈور ماوینچرس کے صدرنشین الوک لوہیا سے بھی ملاقات کی۔

 

ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت پر بے حد مسرت: نائیڈو

آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کیلئے تفصیلات پیش کرنے بہترین موقع
حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو جو گزشتہ دن دہلی سے راست ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے داوس روانہ ہوگئے تھے، آج کہاکہ داوس میں جاری ’’ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کرتے ہوئے انھیں کافی خوشی و مسرت ہورہی ہے کیوں کہ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کرنے کا انھیں ایک انتہائی زرین موقع فراہم ہوا ہے۔ اس فورم میں شرکت کرنے سے نہ صرف ملک بلکہ ریاست آندھراپردیش کو بھی کئی فوائد حاصل ہوں گے۔ بالخصوص ریاست آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کے مواقع کے تعلق سے تفصیلات پیش کرنے کا یہ فورم ایک بہتر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ علاوہ ازیں ورلڈ اکنامک فورم میں حصہ لینے کی وجہ سے مختلف ممالک کے مندوبین کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم ہوا ہے۔ اسی دوران وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی حکومت آندھراپردیش مسٹر این لوکیش نے کہاکہ ریاست آندھراپردیش میں روبہ عمل لائے جانے والے ’’رئیل ٹائم گورننس‘‘ کی ہر کسی نے زبردست ستائش کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ داوس میں اپنے قیام کے دوران ورلڈ اکنامک فورم میں حصہ لینے والے مختلف ممالک کے نمائندوں (مندوبین) سے ملاقات کرکے سرمایہ کاری کے مسئلہ پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی اور ریاست آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کرنے کے مواقع سے واقف کرواتے ہوئے انھیں ریاست کا دورہ کرنے کی بھی ترغیب دی جائے گی۔