نئی دہلی 28 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج شراب کے تاجر وجئے ملیا کو ہندوستان واپس لانے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے ۔ وجئے ملیا پر ہندوستان میںمختلف بینکوں کو 9,000 کروڑ روپئے قرض ادا نہ کرنے اور رقمی خرد برد کے الزامات ہیں۔ انہیں اب تک ایک سے زائد مرتبہ وطن واپس ہونے اور تحقیقات میں تعاون کرنے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے گریز کیا ہوا ہے ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے نئی دہلی میں برطانوی ہائی کمیشن کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس سے خواہش کی گئی ہے کہ وجئے ملیا کو ہندوستان واپس بھیجا جائے تاکہ وہ ان کے خلاف درج کردہ مقدمات کی سماعت اور تحقیقات کیلئے دستیاب رہیں ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن بھی برطانیہ کے دفتر خارجہ و دولت مشترکہ سے یہی درخواست زبانی کریگا ۔ انہوں نے وجئے ملیا کے خلاف کئے جانے والیاقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے یہ انکشاف کیا ۔ وزارت خارجہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ برطانوی حکام کے ساتھ مسلسل وجئے ملیا کی حوالگی اور وطن واپسی کیلئے کوششیں جاری رہیں گی ۔ تحقیقات میں عدم تعاون پر حکومت نے وجئے ملیا کا پاسپورٹ منسوخ کردیا ہے ۔
سشما سواراج عنقریب ڈسچارج
نئی دہلی ۔ /28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سواراج تیزی سے روبہ صحت ہیں اور انہیں بہت جلد ایمس سے ڈسچارج کردیا جائے گا ۔ انہیں سینے میں بلغم جمع ہوجانے کی شکایت پر ایمس میں شریک کروایا گیا تھا ۔