وجئے ملیا راجیہ سبھا کی رکنیت سے مستعفی

ملک میں انصاف ملنے کی امید نہیں : حامد انصاری کو مکتوب

نئی دہلی 2 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) آزاد رکن پارلیمنٹ و شراب کے تاجر وجئے ملیا نے آج راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفی پیش کردیا ۔ انہوں نے راجیہ سبھا کی اخلاقیات کمیٹی کے اجلاس سے ایک دن قبل استعفی پیش کردیا ہے جہاں سے ان کے اخراج کی سفارش ہونے والی تھی ۔ وجئے ملیا ہندوستان میں 9,400 کروڑ کے قرضہ جات بینکوں کو واجب الادا ہیں ۔ راجیہ سبھا کے صدر نشین جناب حامد انصاری کے نام اپنے مکتوب استعفی میں انہوں نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کا نام اور وقار مزید کیچڑ میں اچھالا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ حالیہ واقعات سے یہ خیال پیدا ہوتا ہے کہ انہیں ملک میں غیر جانبداری سے انصاف نہیں مل سکتا اس لئے وہ راجیہ سبھا رکن کی حیثیت سے فوری اثر سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ راجیہ سبھا میں وجئے ملیا کی یہ دوسری معیاد تھی اور یکم جولائی کو ختم ہونے والی تھی ۔ راجیہ سبھا اخلاقیات کمیٹی میں اس مسئلہ پر غور کیا گیا تھا اور 25 اپریل کے اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ ہوا تھا کہ ملیا کو راجیہ سبھا کا رکن نہیں رہنا چاہئے اور کمیٹی یہ سفارش کر نے کا منصوبہ بنا رہی تھی کہ انہیں ایوان سے خارج کردیا جائے ۔ ساتھ ہی پیانل نے ملیا کو ایک ہفتہ کا وقت دینے کا فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنے موقف کی وضاحت کریں۔ برطانیہ سے ان کے اخراج کی سمت کارروائی کرتے ہوئے حکومت ہند نے ایک ہفتہ قبل ان کا پاسپورٹ منسوخ کردیا تھا ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ ملیا 2 مارچ کو ملک سے چلے جانے کے بعد سے برطانیہ میں مقیم ہیں۔