لاس اینجیلس۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست واشنگٹن کے ایک مال میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 4 خواتین اور ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ بندوق بردار ہسپانوی شہری بتایا گیا ہے جو مفرور ہے۔ پولیس نے بتایا کہ میکیس اسٹور کے میک اَپ ڈپارٹمنٹ میں ایک شخص نے گولیاں چلائیں۔ حکام نے کیمرہ میں قید مشتبہ شخص کی تصویر جاری کی جس میں رائفل تھامے اسٹور کی سمت جاتے ہوئے دکھایا گیا۔ واشنگٹن کے گورنر جے اِنسلی نے ایک بیان میں کہا کہ کئی سوالات ابھر رہے ہیں لیکن پولیس اور دیگر ایجنسیاں حملہ آور کا پتہ چلانے میں مصروف ہیں۔ ایف بی آئی بھی تحقیقات میں مدد کررہی ہے۔ ایک خاتون نے بتایا کہ وہ ڈریسنگ روم میں تھی کہ اچانک گولی چلنے کی آواز سنائی دی۔ ایسا محسوس ہوا جیسے غبارے پھٹ پڑے ہوں ، اس کے بعد انہوں نے 7 تا 8 آوازیں سنی ۔ اس وقت وہ ڈریسنگ روم میں ہی موجود تھی کیونکہ اسے محسوس ہورہا تھا کہ کچھ ٹھیک نہیں ہوا۔ ایف بی آئی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ منصوبہ بند حملہ ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے، تاہم اس کی مزید صراحت نہیں کی گئی۔ حکام نے حملہ آور کی ایک تصویر بھی جاری کی اور کہا کہ یہ بندوق بردار ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اسی نے گولیاں چلائی اور وہ رائفل کے ساتھ مسلح ہے۔ پولیس اس مشتبہ شخص کی سرگرمی سے تلاش کررہی ہے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ سیٹل کے شمال میں تقریباً 100 کیلومیٹر دور برلنگٹن کے مقام پر کیسکیڈ مال میں پیش آیا۔