مظفر آباد : وادی نیلم میں کنڈل شاہی پل ٹوٹنے سے ۴۰؍ سے زائد سیاح دریائے نیلم کے نالہ جاگراں میں جاگرے جن میں سے اب تک ۵ ؍ افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ باقی کی تلاش جاری ہے ۔
ذرائع کے مطابق مظفر آباد میں وادی نیلم میں خستہ حال کنڈل شاہی پل ٹوٹ گیا جس کے باعث پل پر کھڑے سیاح نالہ میں گر گئے ۔ڈوبنے والے پانچوں طلبہ فیصل آباد کے ایک کالج میں زیر تعلیم تھے ۔اور چھ افراد کو بچالیا گیا ۔
جب کہ باقی لاپتہ سیاحوں کی تلاش کے لئے امدادی اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں ۔پولیس کے مطابق پل پر خواتین اور بچوں سمیت ۴۰ ؍ سے زائد سیاح کھڑے تھے کہ اچانک پل ٹوٹ گیا اورتمام لوگ نالہ میں بہہ گئے ۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجہ شاہد محمود کا کہنا ہے کہ خستہ حال پل گنجائش سے زیادہ افراد کو بوجھ برداشت نہ کرسکا او رٹوٹ گیا ۔اس حادثہ میں متاثرین کا اکثر تعلق فیصل آباد ، لاہوراور سرگودھا سے تھا ۔