خاں صاحب ٹاؤن میں بھی کرفیو ‘ عام زندگی مفلوج
سرینگر ۔22 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) سرینگر میں کل آنسو گیس شیل کے سبب نوجوان کی ہلاکت کے بعد آج بھی کرفیو برقرار رہا ۔ ساری وادی میں تحدیدات اور علحدگی پسندوں کی ہڑتال کے سبب 45ویں دن بھی عام زندگی مفلوج رہی ۔ ضلع سرینگر اور اننت ناگ ٹاؤن میں کرفیو برقرار ہے ۔ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں خاں صاحب ٹاؤن میں بھی احتیاطی اقدام کے طور پر کرفیو نافذ کیا گیا ہے ۔ پولیس عہدیدارنے بتایا کہ پامپورہ ٹاؤن میں صورتحال بہتر ہونے کی بناء کرفیو برخواست کردیا گیا ۔ کل سرینگر میں نوجوان عرفان وانی آنسو گیس شیل کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا تھا ۔ اب تک تشدد میں 65افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں ۔ گرمائی دارالحکومت سرینگر میں تقریباً بارہ سال بعد بارڈر سیکورٹی فورس ( بی ایس ایف ) کو تعینات کیا گیا ہے ۔ جموں و کشمیر میں انسداد بغاوت کارروائیوں کے بعد 2004ء میں بی ایس ایف کو ہٹالیا گیا تھا۔پولیس کے عہدیدار نے بتایا کہ تجارتی مرکز لال چوک اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے بی ایس ایف متعین کی گئی ہے ۔ سیول انتظامیہ ‘ بی ایس ایف اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے شہر میں بی ایس ایف کی تعیناتی پر تبصرہ سے انکار کیا ہے ۔ بی ایس ایف نے 1991ء سے تقریباً 13سال کشمیر میں انسداد عسکریت پسندی آپریشنس جاری رکھے اور 2014ء میں اے سی آر پی ایف سے بدل دیا گیاتھا ۔ بی ایس ایف کو لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کی حفاظت کی بنیادی ڈیوٹی پرمامور کردیا گیا تھا ۔حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی 8جولائی کو سیکورٹی فورسیس کے ہاتھوں انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد وادی میں تشدد پھوٹ پڑا اور اب تک 65افراد ہلاک ‘ ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں ۔