کھٹمنڈو ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مشہور و معروف طبلہ نواز استاد ذاکر حسین نے یہاں ہندوستانی سفارتخانہ ’’انڈیا ہاؤس‘‘ میں اپنے فن کے جادو سے ناظرین کو مسحور کردیا۔ دو گھنٹوں تک استاد ذاکر حسین اور ان کی ٹیم کے دیگر تین ارکان نے فن کا ایک ایسا جادو جگایا کہ وہاں موجود 1500 افراد دم بخود رہ گئے جن میں چیف جسٹس، پارلیمنٹ اسپیکر، نیپال کے وزیرخارجہ اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے سینئر قائدین شامل ہیں۔ مردنگم پر اننت کرشنن نے، سارنگی پر صابر خان اور ڈھولک پر نوین شرما نے استاد ذاکر حسین کا ساتھ دیا۔ اس موقع پر ہندوستان کے سفیر متعینہ نیپال منجیو سنگھ پوری نے استاد ذاکر حسین اور ان کی ٹیم کا ناظرین کو تعارف پیش کیا۔ یاد رہیکہ ذاکر حسین کا یہ پروگرام نیپال میں 17 سال کے طویل عرصہ کے بعد منعقد کیا گیا۔ قبل ازیں انہوں نے 1997ء میں نیپال میں بانسری نواز ہری پرساد چورسیا کے ساتھ اور 2011ء میں سارنگی نواز استاد سلطان خان کے ساتھ پروگرام پیش کیا تھا۔