نیٹ 2018ء کا پرچہ اس سال آسان رہا ، طلبہ کا احساس

ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کیلئے ملک بھر میں انٹرنس ٹسٹ ، تلنگانہ کے 50,856 امیدوار

حیدرآباد۔ 6 مئی (سیاست نیوز) قومی اہلیتی انٹرنس ٹسٹ (نیٹ) 2018ء گزشتہ سال کی بہ نسبت اس سال آسان رہا۔ طلبہ نے احساس ظاہر کیا کہ فزکس سیکشن میں بعض سوالات مشکل ضرور تھے لیکن دیگر تین سیکشنس آسان رہے۔ نیٹ 2017ء کی بہ نسبت اس سال فزکس پیپر میں کئی عددی اور طویل سوالات پوچھے گئے۔ حیدرآباد میں ٹسٹ لکھنے والی ایک طالبہ کے آرتھی نے بتایا کہ فزکس پیپر میں کم از کم 15 سوالات پوچھے گئے۔ تمام دیگر پیپرس میں مجھے فزکس کا پرچہ بہت مشکل دکھائی دیا۔ بائیولوجی آسان رہا اور کیمسٹری بھی کوئی خاص مشکل نہیں تھا۔ اسی طرح کا خیال ایک اور طالب علم محمد فرحان نے جوبلی ہلز کے سنٹر کے باہر ظاہر کیا اور کہا کہ انہوں نے فزکس میں 15 سوالات حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ جن میں سے 10 سوالات درست ثابت ہوں گے اور مابقی اچھے طریقے سے حل کئے۔ میں فزکس میں ٹھیک نہیں ہوں، اسی لئے مجھے یہ پیپر مشکل دکھا۔ چیف اکیڈیمک آفیسر بیسک فرسٹ پروفیسر ادئے ناتھ مشرا نے کہا کہ 180 سوالات کے منجملہ 110 سوالات سہل تھے۔ 45 سوالات قدرے آسان تھے۔ نیٹ کی جانب سے تعلیمی سال 2018-19ء کیلئے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کیلئے نیٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں ملک بھر کے2,255 سنٹرس میں 13,26,725 امیدواروں نے حصہ لیا۔ تلنگانہ سے 50,856 امیدواروں نے 81 سنٹرس پر اپنا ٹسٹ لکھا۔
تلنگانہ آئی اے ایس ٹاپر کو چیف منسٹر کی دعوت
حیدرآباد ۔ 6 ؍ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندرشیکھرراو نے سیول سرویس امتحان میں قومی سطح پر ٹاپ کرنے والے تلگو نوجوان انودیپ کو لنچ کے لئے مدعو کیا ہے ۔ انہوں نے پرگتی بھون پر کل بروز پیر انودیپ اور ان کے والدین کے لئے لنچ کا اہتمام کیا ہے ۔