احکام میں ترمیم کی درخواست مسترد، 24 جولائی کو دوسرے مرحلہ کے امتحان
نئی دہلی 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں داخلوں کے لئے سنگل انٹرینس ٹسٹ ’نیٹ‘‘ کا پہلا مرحلہ کل اتوار کو منعقد ہوگا کیوں کہ سپریم کورٹ نے قبل ازیں جاری کردہ احکام میں ترمیم کی استدعا کے ساتھ فوری سماعت کے لئے دائر کردہ درخواست کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کے زیرقیادت تین رکنی بنچ نے جو دہلی میں آلودگی سے نمٹنے کے مسئلہ پر ایک خصوصی سماعت کررہی تھی۔ قومی اہلیتی داخلہ ٹسٹ (نیٹ) سے متعلق ایک دوسری بنچ کی طرف سے 28 اپریل کو جاری کردہ احکام میں ترمیم کی ایک درخواست کی سماعت سے انکار کردیا۔ جسٹس اے کے سیکری اور جسٹس آر بانومتی نے کہاکہ ’’اس اثناء میں کچھ نہیں ہوگا۔ بنچ کی طرف سے مسئلہ کی سماعت کی جاچکی ہے، اب یہ مسئلہ ختم ہوچکا ہے‘‘۔ ججوں نے یہ تاثر اُس وقت دیا جب بعض طلبہ کی نمائندگی کرنے والے چند وکلاء نے کہاکہ نیٹ سے متعلق قبل ازیں جاری کردہ احکام میں ترمیم کی ضرورت ہے کیوں کہ ریاستی سطح پر ہونے والے انٹرینس امتحانات کے لئے تیاری کرنے والے طلبہ کو اس مختصر مدت کے دوران نیٹ کے لئے تیاری کرنے میں دشواری محسوس ہورہی ہے۔ عدالت نے اس درخواست کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے ایک علیحدہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت دی اور کہاکہ باضابطہ بنچ کی جانب سے اس پر سماعت کی جاسکتی ہے۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ 2016-17 ء کے لئے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کے لئے شیڈول کے مطابق یکم مئی اور 24 جولائی کو دو مرحلہ میں نیٹ انٹرنس ٹسٹ منعقد ہوں گے۔