بریکس کے قائم کردہ نئے ادارہ سے کلیدی پراجکٹس پورے ہونے کی توقع ، این ڈی بی تقریب سے ارون جیٹلی کا خطاب
نئی دہلی ، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نیو ڈیولپمنٹ بینک سے انفراسٹرکچر پراجکٹس کیلئے 2 بلین امریکی ڈالر کے فنڈز کا طلبگار ہے اور چاہتا ہے کہ ہمہ رخی ادارہ قرضوں کی تیزتر اجرائی میں ثابت قدم رہیں، وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج یہ بات کہی۔ دو سال قبل بریکس بلاک کی تشکیل کردہ این ڈی بی کو اس کے بانیوں کی جانب سے اس کیلئے مفوضہ رول کو ادا کرنے کیلئے لازمی طور پر تیار رہنا چاہئے، ان تاثرات کے ساتھ جیٹلی نے کہا کہ ہندوستان کو انفراسٹرکچر سرمایہ کاری کیلئے بڑی غیرتکمیلہ ضرورت ہے، جس کا تخمینہ اگلے پانچ سال کیلئے تقریباً 43 لاکھ کروڑ روپئے (تقریباً 646 بلین ڈالر) ہے۔ اس کا 70 فیصد حصہ برقی، سڑکوں اور اربن انفراسٹرکچر شعبوں میں درکار ہوگا۔ یہ این ڈی بی جیسے ادارہ کیلئے زبردست موقع ہے، جس کی کلیدی ذمہ داری پائیدار انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ ہے۔ جیٹلی نے کہا کہ ہندوستان میں این ڈی بی قرض کیلئے پہلا معاہدہ دو روز قبل مدھیہ پردیش میں بڑی ضلعی سڑکوں کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی کے سلسلے میں دستخط پایا۔ وزیر فینانس نیو ڈیولپمنٹ بینک (این ڈی بی) کی یہاں دوسری سالانہ میٹنگ کی افتتاحی تقریب سے کلیدی خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش والے پراجکٹ کیلئے معاہدہ کے ساتھ این ڈی بی کا ہندوستان میں اپنا اولین قدم پڑا ہے۔ ہم نے این ڈی بی فنڈنگ کیلئے تقریباً 2 بلین ڈالر مالیت کے مجوزہ پراجکٹس پیش کئے ہیں، جن پر مجھے امید ہے بورڈ عاجلانہ طور پر غور کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان این ڈی بی کے ساتھ کام کرتے ہوئے مخصوص شعبوں کے اہم پراجکٹس کو فروغ دے گا، جیسے اسمارٹ سٹیز، قابل تجدید توانائی، اربن ٹرانسپورٹ بشمول میٹرو ریلویز، اربن واٹر سپلائی وغیرہ۔ انھوں نے کہا کہ این ڈی بی کی انفرادیت قرض کا تیزتر تخمینہ لگانا، جامع تنظیمی ڈھانچہ میں مضمر ہونی چاہئے جس سے قرضوں کا بوجھ کمتر ہوگا۔ فینانسنگ کے مختلف طریقے ہونے چاہئیں جیسے مقامی کرنسی میں فینانسنگ، جہاں کہیں ممکن ہو ملکی نظام کو اختیار کرنا اور ضرورت مندوں کی ضرورتوں پر جواب دینے میں لچک جیسی خصوصیات بھی این ڈی بی کی انفرادیت ہونی چاہئے۔