نیویارک ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک کی ایک پانچ منزلہ عمارت میں مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں 12 افراد بشمول ایک سالہ بچہ ہلاک ہوگئے جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد چار بتائی گئی ہے۔ یاد رہیکہ آتشزدگی کے اس واقعہ کو کئی دہائیوں کی بدترین آگ تصور کیا جارہا ہے۔ پراسپکٹ ایونیو نامی عمارت میں مقامی وقت کے مطابق شام 6:50 بجے پہلی منزل پر آگ لگی اور تیزی سے پھیل گئی۔ نیویارک شہر کے میئر بل ڈی بلاسیو نے فوری جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کے عمل کا مشاہدہ کیا اور کہا کہ کم و بیش گذشتہ 25 سالوں میں ایسی بدترین آگ کبھی نہیں لگی۔ کم و بیش 160 فائر فائٹرس نے آگ پر قابو پانے میں اہم رول ادا کیا۔ حیرت انگیز بات یہ ہیکہ عمارت میں کوئی لفٹ نہیںہے۔ مہلوکین میں ایک سالہ بچہ بھی شامل ہے جبکہ دیگر مہلوکین کی عمریں 1 تا 50 سال بتائی گئی ہے۔