نیویارک حملہ آور کو سزائے موت دی جائے : ٹرمپ

ازبکستان کا شہری سفیلوسائفوف امریکہ کا دشمن: وائیٹ ہاؤز ، ایمیگریشن پالیسی مزید سخت ہوگی
واشنگٹن ۔ /2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے نیویارک میں ٹرک حملہ کے ذریعہ 8 افراد کو ہلاک کرنے والے ازبک شہری تارکین وطن سفیلوسائفوف کو سزائے موت دینے کی وکالت کی ۔ ٹرمپ نے کل کے حملہ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ، جس کو آئی ایس آئی ایس سے متاثرہ 29 سالہ نوجوان نے انجام دیا تھا ۔ اس نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے قریب پر ہجوم بائیک پاتھ میں اپنی پک اپ ٹرک کو گھساکر کئی افراد کو روند ڈالا تھا جن میں 8 افراد ہلاک اور تقریباً ایک درجن زخمی ہوئے تھے ۔ ٹرمپ نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ نیویارک سٹی کا دہشت گرد خوش تھا کیوں کہ اس نے اپنے ہاسپٹل کے کمرہ میں آئی ایس آئی ایس پرچم لہرانے کے لئے کامیاب ہوا ۔ ایسے شخص کو سزائے موت دی جانی چاہئیے ۔ ایف بی آئی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے لکھا ہے کہ نیوجرسی کا رہنے والا ازبک شہر آئی ایس آئی ایس سے متاثر تھا اور اس نے درخواست کی تھی کہ اس کے ہاسپٹل کمرہ میں ’’آئی ایس آئی ایس‘‘ کا پرچم لہرایا جائے ۔ ٹرمپ نے کل کہا تھا کہ یہ ایک دہشت گردانہ حملہ ہے ۔ انہوں نے مہلوکین کے لئے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی صحت کے لئے دعا کی ۔

انہوں نے اب ایمیگریشن اقدامات مزید سخت کرنے پر زور دیا اور عہد کیا کہ وہ ڈایورسٹی ویزا پروگرام کو مزید سخت بنادیں گے ۔ دہشت گرد ہمارے ملک میں ڈایورسٹی ویزا لاٹری پروگرام کے ذریعہ داخل ہوئے ہیں ۔ اب میں چاہتا ہوں کہ میرٹ کی بنیاد پر ویزا جاری کیا جائے ۔ وائیٹ ہاوز نے سفیلو سائفوف کو امریکہ کا دشمن قرار دیا اور کہا کہ اسے کسی بھی حقوق تک رسائی حاصل کرنے دینے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ ہم اسے اپنا حقیقی دشمن سمجتھے ہیں ۔ وائیٹ ہاؤز پریس سکریٹری سارہ سینڈرس نے اپنی روزانہ کی پریس کانفرنس میں کہا کہ سائفوف کے خلاف کارروائی کی جائے گی جس کا وہ حقدار ہے ۔ انصاف کا تقاضہ یہی ہے کہ اسے اس کی سزاء ملے ۔ امریکی استغاثہ نے اس پر دہشت گردی کے الزامات عائد کئے ہیں اور داعش کی حمایت کرنے کا بھی الزام ہے ۔ سائفوف کو کل نیویارک کے دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا جہاں اس کی سرجری کی گئی ۔ اسے آج وہیل چیر پر فیڈرل کورٹ میں پیش کیا گیا ۔ ایف بی آئی نے اس کے خلاف نیویارک میں فیڈرل کورٹ کے سامنے 10 صفحات کی شکایت پیش کی ہے ۔ سائفوف نے تحقیقات کرنے والوں کو بتایا کہ وہ اسلامی ممالک کے خاص کر آئی ایس آئی ایس لیڈر ابوبکر البغدادی کے ویڈیوز دیکھ کر متاثر ہوا ہے ۔ اس مشتبہ شخص نے شہریوں کی زیادہ سے زیادہ جانی نقصان کرنے کی غرض سے ٹرک حملہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔