نیوز چینل کے ملازمین بال بال بچ گئے، کئی افراد دم گھٹنے سے فوت

ممبئی 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے کملا ملس کمپاؤنڈ میں واقع پب میں کل نصف شب کے بعد منائے جانے والی سالگرہ تقریب میں بھڑک اُٹھنے والی آگ میں ٹی وی 9 مراٹھی چینل کے 15 ملازمین اس عمارت کے گراؤنڈ فلور پر واقع اپنے دفتر سے باہر نکلتے ہوئے بال بال بچ گئے۔ اس نیوز چینل کے پروگرام پروڈیوسر سنجے جادھو نے کہاکہ پب کا چھت پوری طرح خاکستر ہوکر نیچے گر پڑا جس کے نتیجہ میں ٹی وی 9 مراٹھی کا راستہ مسدود ہوگیا۔ جادھو نے کہاکہ میں نے یہ منظر دیکھنے کے بعد فائر الارم بجادیا جس کے ساتھ ہی 10 تا 12 افراد ’فائر ایگزٹ‘ سے باہر نکل گئے۔ جادھو نے کہاکہ وہ اور ان کے ساتھیوں نے دیکھا کہ بمبوؤں سے تیار شدہ عارضی چھت جھلس کر گراؤنڈ فلور پر گر پڑا تھا۔ انھوں نے کہاکہ ’اگر 10-5 منٹ‘ دیر ہوتی تو ہم اندر ہی پھنس جاتے۔ یہ ہم بال بال بچے ہیں‘۔ فائر بریگیڈ کے ایک عہدیدار نے کہاکہ کئی افراد چونکہ باہر نکلنے کا مناسب راستہ تلاش نہیں کرسکے تھے چنانچہ جان بچانے کے لئے ریسٹورنٹ کے واش روم گھس گئے اور دم گھٹنے کے سبب فوت ہوگئے۔