نیرومودی کی 523 کروڑ روپئے مالیتی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط

ممبئی ، پونے ،احمد نگر میں عالیشان پینٹ ہاؤس ، فلیٹس ، زرعی اراضیات اور شمسی توانائی پلانٹ بھی شامل

٭ ای ڈی کی تازہ ترین کارروائی
٭ بینک کو 11,400 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی
٭ تاحال 6,393 کروڑ روپئے کے اثاثے ضبط

ممبئی / نئی دہلی ۔ /24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب نیشنل بینک کو 11,400 کروڑ روپئے کی مبینہ دھوکہ دہی کے مقدمہ میں زیورات کے ارب پتی تاجر نیرو چودھری اور ان کے گروپ کے خلاف تازہ کارروائی میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ( ای ڈی) نے آج نیرو کا ایک پینٹ ہاؤز اور ایک فارم ہاؤز کے بشمول 21 جائیدادوں کو قرق کرلیا جن کی مجموعی مالیت 523 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے ۔ مرکزی تحقیقاتی ادارہ نے آج کہا کہ اس نے ان اثاثوں کی قرقی کیلئے ایک عبوری حکم جاری کیا تھا ۔ قانون انسداد رقمی ہیرپھیر کے تحت جاری کردہ احکام کے ذریعہ ممبئی کے علاقہ ورلی میں ساحل سمندر پر واقع سمدرا محل اپارٹمنٹس میں 15.45 کروڑ روپئے مالیتی ایک فلیٹ کے علاوہ تین متصلہ فلیٹوں کو یکجا کرتے ہوئے بتایا گیا پینٹ ہاؤز مالیتی 81.16 کروڑ روپئے قرق کرلیا ۔ ای ڈی کے عہدیداراوں نے کہا کہ ’’نیرو مودی اور ان کے زیر کنٹرول کمپنیوں کی 21 غیر منقولہ جائیدادیں جن کی مارکٹ قدر 523.72 کروڑ روپئے ہے عبوری طورپر قرق کرلی گئی ہیں ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ان میں 6 رہائشی جائیدادیں ، دفاتر کے 10 احاطے ، پونے میں دو فلیٹس ، علی باغ میں ایک فارم ہاؤز ، ایک شمسی توانائی پلانٹ اور ضلع احمد نگر کے کرجات میں 135 ایکر اراضی شامل ہے ‘‘ ۔ قبل ازیں اس ادارہ نے /14 فبروری کو قانون انسداد رقمی ہیر پھیر کے تحت ایک فوجداری مقدمہ درج کرنے کے بعد ہیرے ، جواہرات ، زیوارت قیمتی پتھر ، بینک ڈپازٹس اور قیمتی کاروں کو ضبط کرلیا تھا ۔ لیکن آج یہ پہلی بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کیا ۔ نیرومودی اور ان کی بیوی کے نام پر پونے کے علاقہ ہڈپسر میں دو فلیٹوں کے علاوہ ممبئی کی سمدرا محل میں کئی جائیدادیں قرق کی گئی ہیں ۔ علاوہ ازیں ممبئی کے ورلی پریل میں مارک بزنس انٹرپرائزیس کے نام پر 80 کروڑ روپئے مالیتی دیگر دو آفس جائیدادیں قرق کی گئی ہیں ۔ تازہ ترین کارروائی کے بعد اس کیس میں ای ڈی کی طرف سے ضبط کئے جانے والے اثاثوں کی مجموعی مالیت 6393 کروڑ روپئے تک پہنچ گئی ہے ۔ اس ایجنسی نے نیرو مودی ، ایمی اور ان کے ماموں مہیول چوکسی کو مزید پوچھ گچھ کیلئے /26 فبروری کو طلب کیا ہے ۔ بینک دھوکہ دہی اسکام کے منظر عام پر آنے کے بعد ای ڈی او دیگر ادارے مودی ، چوکسی اور دوسروں کے خلاف تحقیقات کررہے ہیں ۔ پی این بی کو 11,400 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کے اسکام میں شبہ کیا جاتا ہے کہ اس بینک کے چند ملازمین بھی ملوث ہیں ۔