وزیراعظم اسرائیل کا 14 جنوری سے دورۂ ہند
یروشلم 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم اسرائیل بنجامن نیتن یاہو اپنے دوست نریندر مودی کو 14 جنوری سے شروع ہونے والے دورۂ ہند کے دوران ایک خاص گال موبائیل پانی کی صفائی اور سمندری نمک سے بے اثر ہونے والی جیپ کا خصوصی تحفہ پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نیتن یاہو اور نریندر مودی نے جب اسرائیل کے دورہ کے موقع پر اس جیپ میں مودی نے سفر کیا تھا۔ گزشتہ سال جولائی میں وزیراعظم مودی کے دورہ اسرائیل کے دوران ساحلی سمندر پر ’’بگی‘‘ جیپ کا سفر کرتے ہوئے سمندر کے اندر سفر سے لطف اندوز ہوئے تھے۔ اب نیتن یاہو یہی جیپ مودی کو تحفہ میں دے رہے ہیں۔ نیتن یاہو نے اپنے چار روزہ دورۂ ہند کی تیاری شروع کی ہے۔ ذرائع نے اس دورہ کی توثیق کردی ہے۔ اس جیپ کو پہلے ہی ہندوستان روانہ کردیا گیا ہے اور یہ جیپ وقت پر یہاں پہونچ جائے گی اور وزیراعظم اسرائیل اسے مودی کے حوالے کریں گے۔ اس جیپ کی قیمت کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ 390,000 شیکلس کی ہے (جس کی تخمینی لاگت 1,11,000 امریکی ڈالر ہے) نریندر مودی اور نیتن یاہو نے وزیراعظم ہند کے دورہ اسرائیل کے دوران اولگا بیچ پر پانی سے نمک علیحدہ کرنے کے یونٹ پر اسرائیل کی جانب سے تیار کردہ سمندر کے پانی کی صفائی کی ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔ اس مظاہرہ کے بعد وزیراعظم مودی نے کہا تھا میں بی بی (نیتن یاہو) کا ممنون و مشکور ہوں کیوں کہ میں نے آج جو گاڑی دیکھی ہے خاص کر قدرتی آفات کے دوران جب لوگ پینے کے پانی کی قلت سے پریشان ہوں تو اس ٹیکنالوجی کی مدد سے پینے کا پانی فراہم کیا جاسکتا ہے۔ گال موبائیل ایک آزادانہ اور مربوط پانی کی صفائی والی گاڑی ہے جس کو صاف ستھرا اور معیاری پینے کا پانی تیار کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔ اس کو قدرتی آفات جیسے سیلاب، زلزلوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ فوج بھی اسے مختلف موقع پر استعمال کرسکتی ہے۔