کرنسی کا چلن بند کرنا تاریخی معاشی اصلاح ۔ عوام کیلئے بہتر مواقع ۔ چیف منسٹر اے پی کا اظہارِ خیال
امراوتی ۔ یکم ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) کرنسی بحران کو قومی آفت قرار دینے کے دو دن بعد چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کرنسی بندی کی وجہ سے پیش آنے والے مسائل کو عوام کیلئے ایک موقع قرار ہے کہ وہ نئے معاشی دور میں فروغ پاسکیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے سرکاری عہدیداروں ‘ ضلع کلکٹرس ‘ بینکرس ‘ فئیر پرائس ڈیلرس اور دوسروں سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب میں کہا کہ یہ ایک بحران نہیں ہے بلکہ یہ ایک موقع ہے کہ ہم اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ کرنسی بندی ایک تاریخی معاشی اصلاح ہے ۔ ملک کی تاریخ میں ایک نئی تبدیلی ہے ۔ ہم کو اس کا عادی ہوجانا چاہئے ۔ نائیڈو کے لب و لہجہ میں یہ تبدیلی اس وقت آئی ہے جبکہ مرکزی حکومت نے انہیں ایک 13 رکنی کمیٹی کا کنوینر نامزد کیا ہے ۔ یہ کمیٹی کرنسی بندی کے تمام پہلووں کا جائزہ لینے والی ہے ۔ چندر ابابو نائیڈو گذشتہ تین ہفتوں سے مرکز کے فیصلے پر تنقیدیں کر رہے تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہر کسی کو یہ سمجھنا چاہئے کہ موجودہ مشکلات صرف عارضی ہیں اور طویل مدت میں اس سے فائدہ ہوگا ۔ ہم کو موثر انداز میں ان کا سامنا کرنا چاہئے ۔ ان کی خواہش ہے کہ موجودہ تکالیف سال 2016 کے ساتھ ختم ہوجائیں اور 2017 ایک نئی شروعات لے کر آئے ۔ چندر ابابو نائیڈو نے منگل کے دن کرنسی بحران پر تنقید کرتے ہوئے اسے قومی آفت قرار دیا تھا اور بینکرس پر برہمی ظاہر کی تھی کہ وہ اس بحران سے موثر طور پر نمٹنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ان کی برہمی کی وجہ سے بینکرس نے احتجاج کیا تھا جنہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ نائیڈو اپنے ریمارکس سے دستبرداری اختیار کریں۔