ہندی میڈیم سے تعلیم کے باوجود انگریزی میں مہارت
حیدرآباد۔ 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) ہندوستان کے کم عمر مسلم آئی پی ایس عہدیدار نورالحسن نے ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ کے دھرم آباد ڈیویژن کے نئے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا۔ 22 سالہ نورالحسن کا تعلق اُترپردیش کے ضلع پیلی بھیت سے ہے اور انہوں نے آٹھویں جماعت تک کی تعلیم سرکاری اسکول میں حاصل کی۔ دسویں جماعت میں کامیاب ہونے کے بعد اپنے والد کے ہمراہ رائے بریلی منتقل ہوئے اور یہاں پر انہوں نے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم ہندی میڈیم سے حاصل کی۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں سال 2009ء میں بی ٹیک کی تعلیم حاصل کی اور اس دوران انہوں نے اپنی انگریزی بہتر کی اور سیول سرویسیس کیلئے تیاری کا آغاز کیا۔ نورالحسن نے اپنے 10 دوستوں کے ہمراہ ایک فورم قائم کیا جس کے تحت قومی اور بین الاقوامی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے اور آپس میں تمثیلی انٹرویوز بھی کیا کرتے تھے۔ نوجوان مسلم آئی پی ایس عہدیدار نے 14 مہینوں تک سیمنس کمپنی میں ملازمت کی اور ایک سال محکمہ ایٹمی توانائی میں خدمت انجام دی لیکن اپنے اس پیشہ سے وہ مطمئن نہیں تھے جس کے نتیجہ میں 2013ء میں سیول سرویسیس کی تیاری شروع کی اور پھر پریلمس امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ نورالحسن 2014ء میں سیول سرویسیس امتحانات میں کامیاب ہوئے اور 625 رینک حاصل ہونے پر انہیں انڈین پولیس سرویس میں شامل کیا گیا۔ نورالحسن کی آئی پی ایس میں شمولیت نوجوانوں کیلئے ایک مثال ہے۔ واضح رہے کہ ہندی میڈیم کے ایک طالب علم نے اپنی انگریزی میں مہارت پیدا کرتے ہوئے پولیس سرویسس جیسے مسابقتی امتحان میں کامیابی حاصل کی۔