مخالف بدعنوانی مہم سے کوئی نہیں بچ سکتا ، 3 سابق چیف منسٹرس جیل میں سڑرہے ہیں
نئی دہلی ۔ /28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ رشوت کے خلاف ان کی جنگ میں تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بدعنوانیوں کے خلاف مہم شروع کی ہے ۔ اس مہم سے کوئی نہیں بچ سکتا اور یہ بات قابل نوٹ ہے کہ بدعنونیوں میں ماخوذ 3 سابق چیف منسٹرس اب جیل میں ’’سڑ‘‘ رہے ہیں ۔ یہاں ایک این سی سی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے اس بات پر بھی زوردیا کہ آدھار کا استعمال ہونا ضروری ہے ۔ ملک کی عظیم تر ترقی کے لئے خامیوں اور بدعنوانیوں کو روکنا ہے ۔ ہندوستان کی ترقی اور طاقت اسی میں مضمر ہے کہ ہم خرابیوں پر قابو پائیں ۔ ضرورت مندوں اور مستحقین تک حکومت کی اسکیمات اور رقومات پہونچانے میں ہم نے جو نشانہ مقرر کیا ہے اس میں حکومت کی مدد کی جائے ۔ آدھار کی قانونی اہمیت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت عالیہ کی دستوری بنچ میں اس معاملہ کی سماعت ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا احساس ہے کہ متمول اور طاقتور لوگوں تک انسداد رشوت ستانی اقدامات کرنے والوں کے ہاتھ نہیں پہونچ پاتے لیکن میری حکومت میں ایسا نہیں ہوگا ۔ انسداد رشوت ستانی اقدامات کرنے والے عہدیداروں نے طاقتور افراد کا محاصرہ کرلیا ہے اور انہیں سزاء کیلئے جیل میں ڈالدیا گیا ہے ۔ اب کوئی بھی طاقت قانون کے شکنجہ سے بچ نہیں سکتی ۔ 3 سابق چیف منسٹروں کو جیل میں ڈالدیا گیا ہے ۔ رشوت کے ان ’’دیمکوں‘‘ کو ختم کرنے سے غریب عوام کو مدد ملے گی ۔ بہار کے سابق چیف منسٹرس لالو پرساد یادو اور جگناتھ مشرا کو رشوت کیس کے سلسلہ میں چارہ اسکام میں حال ہی میں ماخوذ کیا گیا تھا ۔ ہریانہ کے سابق چیف منسٹر اوم پرکاش چوٹالہ بھی جیل میں ہیں ۔ ہندوستانی نوجوانوں کو رشوت قبول کرنے سے انکار کرنا ہوگا ۔ رشوت کے خلاف لڑائی میں حصہ لے کر کالے دھن کو روکنا ہوگا ۔ ہندوستانی نوجوانوں کے مستقبل کے لئے یہی درست راہ ہے ۔ انہوں نے این سی سی کیڈٹس سے بھی تعاون کی خواہش کی اور دیگر نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ رشوت کو کچلنے میں آگے آئیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ پدما ایوارڈس کا طریقہ کار شفاف ہوچکا ہے اور عام آدمیوں کو بھی یہ اعزازعطا کیا جا رہا ہے ۔وزیراعظم جاریہ سال کے پہلے ’’ من کی بات پروگرام میں عوام سے خطاب کر رہے تھے ‘‘۔