نوجوانوں میں آر ایس ایس کی مقبولیت ، 45 سال سے کم عمر افراد کی شرکت

نئی دہلی ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سنگھ پریوار کے ایک رکن نے دعویٰ کیا ہیکہ ملک کے نوجوانوں میں آر ایس ایس کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملک بھر میں آر ایس ایس کے شاکھاؤں میں اپنا نام اندراج کرانے والے 90 فیصد لوگ نوجوان ہیں۔ 45 سال سے کم عمر کے نوجوانوں کی اکثریت آر ایس ایس کی حامل ہیں۔ دہلی یونٹ کے جوائنٹ صدر آر ایس ایس الوک کمار نے کہا کہ زائد از 53 فیصد افراد روزانہ راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ کی شاکھاؤں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس وقت ملک بھر میں 57185 شاکھائیں کام کررہی ہیں۔ یہ شاکھائیں ملک کے 36729 مقامات پر قائم ہیں جہاں پر 19 فیصد ارکان حصہ لے رہے ہیں۔ جن ارکان نے حصہ لیا ان کی عمر 45 سال سے کم ہے۔ عام آدمی پارٹی کی حکمرانی والی دہلی میں تقریباً 1805 شاکھائیں کام کررہی ہیں اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید 15 کا اضافہ ہوگا۔ الوک کمار نے مزید کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران 1.4 لاکھ نوجوانوں نے آر ایس  ایس کی ابتدائی تربیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس نے کیرالا اور مغربی بنگال میں قوم دشمن عناصر کی جانب سے بھڑکائے تشدد پر اظہارتشویش کرتے ہوئے قراردادیں منظورکی ہیں۔ انہوں نے ترنمول کانگریس پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ اپنی ریاست میں جہادی گروپس اور قوم دشمن عناصر کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔