واشنگٹن ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی سے یہاں جاریہ ماہ کے اواخر میں ملاقات کرسکتے ہیں۔ دونوں قائدین امریکہ میں نیوکلئیر سکیوریٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کے ایک قریبی مشیر نے یہ بات بتائی ۔ نواز شریف کے امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے پی ٹی آئی سے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کا امکان موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے جب یہ دونوں امریکہ آئیں گے ۔ دونوں ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کرسکتے ہیں۔ وہ یہ نہیں جانتے کہ آیا ایک مکمل باہمی ملاقات ہوگی یا نہیں۔ یہ حالات پر منحصر ہے تاہم ملاقات کا امکان ضرور ومجود ہے ۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ نواز شریف نیوکلئیر چوٹی کانفرنس میں صدر اوباما کی دعوت پر شرکت کر رہے ہیں۔ 31 مارچ اور یکم اپریل کو اس کانفرنس کیلئے نریندر مودی کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔