پاکستان کے جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت خراب ہوگئی ہے۔ ان کی دختر نے آج یہ بات بتائی اور الزام عائد کیا کہ حکام ان کے ماہرین امراضِ قلب کو جیل میں ان کا طبی معائنہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ شریف جو العزیزیہ اسٹیل ملز رشوت کیس میں لاہور کی کوٹ لکھ پت جیل میں 7 سال کی قید بھگت رہے ہیں اپنے بازو میں درد کی شکایت کے شکار ہوگئے ہیں جو بہت ممکن ہے کہ دل کے مرض کی علامت ہے۔ تاہم جیل کے ترجمان نے کہا کہ جیل کے ڈاکٹرس نے شریف کا مکمل طبی معائنہ کیا ہے اور ان کی صحت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا ’’نواز شریف کی صحت اچھی ہے‘‘۔
مریم نے کہا ’’ان کے والد کا ان ڈاکٹرس کی جانب سے طبی معائنہ کرائے جانے کی ضرورت ہے جو ان کی پیچیدہ میڈیکل ہسٹری سے واقف ہیں‘‘۔ 69 سالہ شریف کی تین سال قبل لندن میں اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی۔ مریم نے جو جمعرات کے دن اپنے والد سے ملاقات کے لئے جیل گئی تھیں کہا کہ ان کے والد پیچیدہ میڈیکل ہسٹری رکھتے ہیں اور ان کی صحت کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔
صدر پاکستان مسلم لیگ۔ (نواز) شہباز شریف نے انتباہ دیا کہ اگر ان کے بڑے بھائی کو کچھ بھی ہوا اس کے لئے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور حکومت پنجاب ذمہ دار ہوں گے۔