نواز شریف کیخلاف رشوت کے الزامات کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کا حکم

سپریم کورٹ کا فیصلہ، کمیشن کو عدالت عظمیٰ کے مماثل اختیارات، عمران خان کا خیرمقدم، مارچ منسوخ، آج اسلام آباد میں یوم تشکر

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کو آج زبردست دھکہ لگا جب سپریم کورٹ نے پناما دستاویزات کے اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے ایک عدالتی کمیشن کے قیام کا حکم دیا ہے۔ پناما دستاویزات اسکینڈل میں متحارب وزیراعظم کے ارکان خاندان کے خلاف الزامات ہیں اور نواز شریف کو اپنے عہدہ سے سبکدوشی کے لئے عمران خان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دباؤ کا سامنا ہے۔ پاکستان سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی قیادت میں پانچ رکنی بنچ نے متعدد وزراء، وکلاء، پی ٹی آئی کے سینئر قائدین اور میڈیا نمائندوں کی موجودگی میں اس مقدمہ کی سماعت کی جس کے دوسرے دن چہارشنبہ کو عمران خان نے نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے اسلام آباد میں 10 لاکھ افراد کا مارچ منظم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن اب سپریم کورٹ کے اس حکم کے اعلان کے بعد کل کے احتجاجی مارچ کو منسوخ کرتے ہوئے اس کے بجائے جشن فتح منانے کا اعلان کیا ہے۔ رواں سال کے اوائل میں پناما دستاویز کے افشاء اور اس میں نواز شریف اور ان کے ارکان خاندان کے ناموں کی موجودگی پر عمران خان اور کئی دوسروں نے ان کے خلاف رشوت ستانی کے الزامات عائد کرتے ہوئے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور سپریم کورٹ نے آج یہ حکم جاری کردیا۔

پناما دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے ارکان کئی بیرونی ممالک میں کمپنیوں اور دیگر اثاثوں کے مالک ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ الزامات کی تحقیقات کے لئے وہ سپریم کورٹ کے مساوی اختیارات کے حامل کسی جج کے زیرقیادت کمیشن کے قیام کے لئے تیار ہے۔ چیف جسٹس جمالی نے کہاکہ ’’یہ کمیشن اپنی تحقیقات سے سپریم کورٹ کو مطلع کرے گا‘‘۔ اس کمیشن کو سپریم کورٹ کے مماثل اختیارات حاصل رہیں گے۔ اس کمیشن کے فیصلہ کو سپریم کورٹ رولنگ متصور کیا جائے گا اور تمام فریقوں کے لئے قابل پابندی ہوگا۔ یہ عدالت جمعرات تک التواء سے قبل روز مرہ کی بنیاد پر سماعت کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا لیکن عدالت نے اسلام آباد میں کل معلنہ پی ٹی آئی کی ریالی پر امتناع عائد کرنے سے انکار کردیا۔ عمران خان نے عدالتی رولنگ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کل اگرچہ حکومت کے خلاف ریالی منظم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن اب اس احتجاج کے بجائے کل چہارشنبہ کو اسلام آباد میں یوم تشکر منایا جائے گا۔ عمران خان نے بن گلہ میں اپنی رہائش گاہ کے باہر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رشوت ستانی کے خلاف اپنی جدوجہد میں شامل افراد سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ ’’آپ لوگ اب گھر جایئے اور آرام کیجئے اور یوم تشکر منانے کے لئے آپ سب کو کل اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ آنا ہے‘‘۔