نواز شریف کا صوبہ پنجاب سے انتخابی مہم کا آغاز

پی ایم ایل (این) کا مقابلہ کسی سیاسی پارٹی سے نہیں بلکہ ’’ خفیہ طاقتوں ‘‘سے ہوگا

لاہور ۔2مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی حکمراں جماعت پی ایم ایل ( این) کے سربراہ نواز شریف نے یہ کہہ کر انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے کہ ان کی پارٹی کسی بھی سیاسی پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ ان ’’ مخفی طاقتوں ‘‘ کے خلاف لڑے گی جنہوں نے انہیں وزیراعظم کے عہدہ سے برطرف کروانے میں اہم رول ادا کیا ۔ ان کا اشارہ ملک کی فوج اور عدلیہ کی جانب تھا ۔ پی ایم ایل ( این) نے صوبہ پنجاب سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا جہاں ایک کروڑ کی آبادی ہے ۔ مئی کے پہلے دو ہفتوں میں اس صوبہ میں نواز شریف کی پارٹی 13ریالیوں کا انعقاد کرے گی جبکہ موجودہ حکومت کی میعاد کے اختتام میں صرف ایک ماہ کا وقت باقی ہے ۔ نواز شریف نے ساہیوال میں پی ایم ایل ( این) کی پہلی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں ان کی پارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہوگا جیسے آصف علی زرداری کی پاکستان پیوپلزپارٹی اور عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف بلکہ مقابلہ ’’مخفی طاقتوں‘‘ کے خلاف ہوگا ۔ 68سالہ نواز شریف نے کہا کہ ہمیں ان سازشیوں کو شکست دینا ہے جو رائے دہی ( الیکشن) کا کوئی احترام نہیں کرتے کیونکہ میں ایک عوامی منتخبہ قائد تھا ۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی رائے دہندہ زرداری ‘عمران یا کسی آزاد امیدوار کو ووٹ دیتا ہے تو سمجھ لیجئے کہ درپردہ اس نے ان ہی ’’ مخفی طاقتوں‘‘ کو ووٹ دیا ہے جنہوں نے انہیں ( نواز) وزیراعظم کے عہدہ سے برطرف کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔ انہوں نے فوج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 70 سالوں میں فوج نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا‘ اب بہت ہوچکا ۔ اب ہمیں رائے دہی ( الیکشن ) اور عوامی فیصلہ کا احترام واپس لانا ہے اور پی ایم ایل ( این ) پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ کٹھ پتلیوںکے آلہ کار نہ بنیں اور ان کے بہکاوے میں نہ آئیں ۔