نواز شریف دختر کیساتھ لندن روانہ ، واپسی مشکوک

لاہور۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے معزول وزیراعظم نواز شریف آج اپنی دختر مریم نواز کے ساتھ لندن روانہ ہوگئے جہاں کینسر سے متاثرہ ان کی اہلیہ کلثوم نواز ایک ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں۔ یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ بدعنوانیوں کے تین معاملات میں چونکہ انہیں ملوث پایا گیا ہے اور انہیں سخت سزا دیئے جانے کا امکان ہے لہذا وہ شاید پاکستان واپس ہی نہ آئیں۔ اب جبکہ شریف خاندان کے ترجمان نے ان کی واپسی کے پروگرام کی کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔ تجزیہ نگاروں کا یہی کہنا ہے کہ نواز شریف 21 اپریل کو قومی احتسابی بیورو کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو حاضر نہیں ہوں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے گئے نواز شریف کو 23 اپریل کو احتسابی عدالت میں حاضر ہونا ہے تاہم اب یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں کہ نواز شریف احتسابی عدالت میں حاضر نہیں ہوں گے۔ خاندان کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی حالت تشویشناک ہے اور اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نواز شریف اور مریم نواز، کلثوم نواز کے قریب رہنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ ہاسپٹل میں شریک ہیں۔ اپنی خصوصی دعاؤں میں انہیں یاد رکھیں۔ مریم نے کہا کہ دعائیں حیرت انگیز نتائج ظاہر کرسکتی ہیں۔ اللہ دعاؤں کو سنتا ہے اور ان کا جواب دیتا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (PTI) نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور ان کے ارکان خاندان کو ECL پر نہ رکھ کر بڑی غلطی کی گئی کیونکہ اس طرح ان پر بیرون ملک کا سفر کرنے پر امتناع عائد کیا جاسکتا تھا۔