نماز کیلئے کمپنی پر کارروائی کا فیصلہ یکطرفہ ، یوگی حکومت بھید بھاؤ کررہی ہے : مایاوتی کا الزام 

نوئیڈا : نوئیڈا میں واقع پارک میں جمعہ کی نماز کے لئے حکومت کی جانب سے پابندی عائد کرنے اور حکم عدولی کے جرم میں کمپنی کے خلاف کارروائی کرنے کی دھمکی دئے جانے پر بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج مطالبہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے عوامی مقام پر مذہبی پروگرام پر پابندی کیلئے کوئی قانون بنایا ہے تو اس کو سبھی مذاہب او رسبھی مقامات پر فافذ کیا جائے او راس قانون میں بھید بھاؤ نہ کیا جائے ۔ اگر کوئی قانون نہیں بنا ہے تو صرف نوئیڈا میں نماز جمعہ کیلئے ہی اس طرح کا حکم کیوں جاری کیا گیا ہے ۔
مایاوتی نے کہا کہ اگر یوگی حکومت نے عوامی مقامات پر مذہبی پروگرام پر پابندی کیلئے کوئی قانون بنایا ہے تواس قانون کو سبھی اضلاع ، سبھی مقامات اور سبھی مذاہب کے لئے ہونا چاہئے ۔ اس میں کسی طرح کا بھید بھاؤ نہیں ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دہلی کے قریب نوئیڈا کے سیکٹر ۵۸؍ میں واقع کمپنیوں کو حکومت کی جانب سے نوٹس دیا گیا ہے کہ کمپنی کے ملازمین جمعہ کو پارک میں نماز ادا کرتے ہیں ۔ ہدایت میں کمپنی مالکان کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مسلم ملازمین کو پارک میں نماز ادا کرنے سے روکیں ورنہ حکومت کی جانب سے کمپنی کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔
بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے کہا کہ یوگی حکومت نے نماز جمعہ پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت دی ہے وہاں پر گذشتہ پانچ سال سے نماز ادا کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب لوک سبھا الیکشن کے پیش نظر وہاں پر نماز جمعہ پر پابندی عائد کرنے کا کیا مطلب ؟ اس طرح کے فیصلوں سے حکومت پر انگلی اٹھنا لازمی ہے ۔ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ یوگی حکومت اس طرح کے تنازعات پیدا کر کے اپنی ناکامیوں کی پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے ۔