نلگنڈہ میں اندرون ہفتہ دوسرا وحشیانہ قتل واقعہ

عوام میں سنسنی اور خوف و دہشت ‘ پولیس کی سخت چوکسی‘ ملزمین کی گرفتاری کی اطلاع
نلگنڈہ ۔29 جنوری ( سیاستنیوز) نلگنڈہ مستقر میں نامعلوم افراد نے ایک شخص کا بیدردی سے قتل کرنے اور دھڑ سے سرکو علحدہ کردینے کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع نلگنڈہ کے قریب واقع کنگل منڈل کا ساکن پالکوری رمیش آٹو ڈرائیور کو نامعلوم افراد نے قتل کر کے اس کے سر کو نلگنڈہ کے مصروف ترین تجارتی علاقہ میں واقع محلہ بٹوگوڑہ میں غوث پاک کے جھنڈے کے پلر پر رکھ دیا ۔ آج صبح بلدی عملہ صفائی کررہا تھا کہ ان کی اس پر نظر پڑی جس کی اطلاع I ٹاؤن پولیس کو دینے پر پولیس فوری حرکت میں آگئی ‘ اس واقعہ کی اطلاع عام ہوتے ہی شہر میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ پولیس نے فوری ڈاگ اسکواڈ کو طلب کر کے مقتول کے جسم دھڑ کے مقام اور اس میں ملوث افراد کی نشاندہی کا آغاز کردیا ۔ ڈاک اسکوڈ کی مدد سے مریال گوڑہ پر واقع بھارت گیاس گودام کے قریب دھڑ دستیاب ہوا ‘ مہلوک کا ضلع کنگل منڈل سے تعلق رکھنے والا پی رمیش کی حیثیت سے شناخت کی گئی ۔ پولیس I ٹاؤن نے مقدمہ درجہ کر کے نعش انسانی جسم کے دو علحدہ کردہ اعضاء کو سرکاری دواخانہ منتقل کردیا ۔ اطلاعات کے بموجب پی رمیش جو ٹریکٹر ڈرائیور کی حیثیت سے کام کرتا تھا ایک سال قبل اس کی بیوی اسی موضع سے تعلق رکھنے والا راما کرشنا سے ناجائز تعلقات رہنے کی وجہ تنازعہ پیدا ہوا تھا لیکن مقامی افراد نے اس تنازعہ کی یکسوئی کروائی ۔ کل رات قریب 9بجے فون پر رمیش کو نلگنڈہ میں یرقان کی دوا دینے کے بہانہ نلگنڈہ طلب کیا جس پر رمیش یہاں پہنچ کر ان افراد سے ملاقات اور شراب نوشی کی ‘ بعد ازیں اس کا قتل کردیا اور اس کے سر کو جسم سے علحدہ کر کے شہر کے مصروف ترین علاقہ میں رکھ دیا ۔ اس سنسنی خیز قتل کی اطلاع پر اطراف و اکناف اور شہر میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ مقامی واردات کا ڈی ایس پی نلگنڈہ مسٹر سدھاکر نے معائنہ کیا اور شہر کی پُرامن فضاء کی برقراری کیلئے پولیس پٹرولنگ میں تیزی پیدا کردی اور حساس مقامات پر پکٹس قائم کئے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس قتل کی سنگین واردات میں ملوث افراد کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور چند کو حراست میں لئے جانے کی اطلاع ہے ۔ تاہم حراست میں لئے جانے کی پولیس نے تصدیق نہیں کی ہے ۔ واضح رہے کہ ضلع مستقر میں 24جنوری کو کانگریس قائد رکن اسمبلی نلگنڈہ کے دست راست صدرنشین بلدیہ کے شوہر ہے ۔ سرینواس کا قتل اندرون ہفتہ دوسرے واقعہ پیش آنے پر عوام میں تشویش و خوف پایا جارہا ہے ‘ Iٹاؤن پولیس مصروف تحقیقات کررہی ہے ۔