نظام میوزیم سے سرقہ ۔ پولیس کی 15 ٹیمیں تشکیل

حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) پرانی حویلی نظام میوزیم سے سرقہ ہوئے نادر اشیاء اور نوادرات کے سرقہ کے کیس کی تحقیقات کیلئے پولیس نے 15 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس کرائمس شیکھا گوئل نے نظام میوزیم پہونچ کر موقع واردات کا معائنہ کیا اور میوزیم کے ذمہ داران سے بات کی۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج دستیاب ہوا ہے جس سے معلوم ہورہا ہے کہ دو نوجوانوں نے سرقہ کے بعد موٹر سائیکل پر راہ فرار اختیار کی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ نظام میوزیم سے بخوبی واقفیت رکھنے والے اِس واردات میں ملوث ہوسکتے ہیں ۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو معلوم ہوا کہ میوزیم کے عقبی روشن دان کے ذریعہ اندر داخل ہوئے اور سونے کا ٹفن باکس، سونے کی چائے کی پیالی اور ہیروں کے ہار کا سرقہ کرلیا۔ شریمتی شیکھا گوئل نے اپنے دورہ کے بعد میوزیم کے اڈمنسٹریٹیو آفیسر اور دیگر عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا جس میں اُنھیں مشورہ دیا کہ میوزیم کے اطراف ہائی ڈیفینیشن سی سی ٹی وی نصب کیا جائے۔ اِسی دوران حضور نظام کے افراد خاندان نے پولیس کمشنر سے گزارش کی ہے کہ اِس کیس کی تحقیقات کو اولین ترجیح دیں اور اِس واقعہ میں ملوث سارقین کو جلد از جلد گرفتار کریں۔