واشنگٹن میں 31 مارچ کو نیوکلیئر چوٹی کانفرنس میں شرکت ، 2 اپریل کو سعودی عرب آمد ، شاہ سلمان سے باہمی تعلقات پر بات چیت
نئی دہلی ۔ 29 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی اپنے سہ قومی دورہ کے حصہ کے طورپر آج رات بلجیم روانہ ہوئے جہاں سے وہ امریکہ جائیں گے ۔ اپنی روانگی کے موقع پر انھوں نے بلجیم کے عوام کی زبردست ستائش کی جنھوں نے حالیہ بروسلز بم دھماکوں کے بعد صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا ۔ اس واقعہ کے بعد ہندوستان بھی ان غم زدہ شہریوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑا ہے ۔ وزیراعظم مودی بروسلز سے واشنگٹن 31 مارچ کو روانہ ہوں گے جہاں وہ نیوکلیئر سکیورٹی چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ یکم اپریل کو وہ سعودی عرب کا سفر کریں گے اس دور روزہ دورۂ سعودی عرب کے دوران ان کی توجہ توانائی کو فروغ دینے اور سکیورٹی تعاون پر مرکوز ہوگی ۔ بروسلز میں وزیراعظم مودی 13 ویں ہند ۔ یوروپی یونین چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور اپنے ماقبل سفر بیان میں انھوں نے کہاکہ بروسلز کو ان کا یہ دورہ نہایت اہمیت کا اور عصری تقاضوں سے مربوط ہے ۔ انھوں نے 28 رکنی بلاک کو ایک اہم ترین تجارتی پارٹنر قرار دیا ۔ سعودی عرب میں مودی اس خلیجی ملک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کااعادہ کرتے ہوئے اس کو خصوصی موقف عطا کریں گے اور اس دورہ کے ذریعہ وہ عوام سے عوام کے رابطہ کو مضبوط بنانا چاہیں گے ۔ سعودی عرب کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ مودی نے کہا کہ میں سعودی قیادت کے ساتھ مل کر کام کروں گا اور اپنے باہمی تعلقات کو مضبوط گہرے بنانے کی کوشش کروں گا ۔ مودی کا دورہ ٔ بروسلز اس شہر میں چند دن قبل ہوئے خودکش دھماکوں کے بعد ہورہا ہے
اس دھماکے میں 35 افراد ہلاک ہوگئے تھے اس میں ایک ہندوستانی سافٹ ویر انجینئر بھی شامل ہے ، زائد از 300 افراد زخمی ہوئے تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بروسلز کے عوام نے جس المیہ کا سامنا کیا ہے اور انھوں نے جس صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے ان کے اس جذبہ کو سلیوٹ کرتا ہوں ۔ ان کے اس غم میں برابر کا شریک ہوں ۔ ہند، یوروپی یونین کی دیرینہ تعطل کا شکار چوٹی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ مودی بلجیم کے اپنے ہم منصب چارلس مائیکل سے کل ملاقات کرکے بات چیت کریں گے ۔ بلجیم کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو وسعت دینے پر زور دیں گے ۔ تجارت اور سرمایہ کاری میں خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلجیم کے ساتھ ہمارے تعلقات گہرے ہیں اور دونوں ملک اس وقت کڑی آزمائش سے گذر رہے ہیں۔ یوروپی یونین کے اندر بلجیم کو ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا حلیف تجارتی پارٹنر کا موقف حاصل ہے۔ مودی نے کہا کہ وزیراعظم بلجیم سے میری ملاقات کا مقصد تجارت ، سرمایہ کاری اور اعلیٰ ٹیکنالوجی میں شراکت داری کو فروغ دینا ہے ۔ اس یوروپی یونین کے اہم ترین ملک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات دیرینہ ہیں۔ مودی نے کہاکہ وہ یورپوی پارلیمانی ارکان سے بھی ملاقات کریں گے ۔ بلجیم کے سی ای اوز کے ساتھ ساتھ ہندوستانی برادری سے بھی ملاقات کریں گے ۔ وہ بلجیم میں ہیرے کے تاجروں سے بھی بات چیت کریں گے۔ نیوکلیئر سکیورٹی چوٹی کانفرنس پر انھوں نے بتایا کہ نیوکلیر دہشت گردی کے ذریعہ نیوکلیر سلامتی کو لاحق خطرات کے اہم مسئلہ پر غور و خوض کرنے کا اچھا موقع ہوگا ۔ وزیراعظم مودی 2 اپریل اور 3 اپریل کو سعودی عرب جائیں گے جہاں سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز انے انھیں دورہ کی دعوت دی تھی ۔ سعودی عرب کے ساتھ ہندوستان کے تعلق خصوصی نوعیت کے حامل ہیں۔