کانگریس کے انتخابی منشور پر بی جے پی اور ٹی آر ایس کو بوکھلاہٹ : انجن کمار یادو
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد سٹی کانگریس کے صدر و امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد انجن کمار یادو نے وزیراعظم نریندر مودی کو سب سے بڑا اداکار اور چیف منسٹر کے سی آر کو جھوٹوں کا سردار قرار دیا ۔ راہول گاندھی کی جانب سے جاری کردہ منشور کو غربت ، بیروزگاری ، فرقہ پرستی اور بھید بھاؤ کے خلاف سرجیکل اسٹرئیک ہونے کا دعویٰ کیا ۔ آج اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے یوسف گوڑہ اور کرشنا نگر ڈیویژنس کے مختلف علاقوں میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ اس پدیاترا میں کانگریس کے سابق رکن اسمبلی پی وشنووردھن ریڈی کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین بھی موجود تھے ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ کانگریس پارٹی سیاسی مفادات کے لیے کبھی عوام کے جذبات سے کھلواڑ نہیں کرتی وہی وعدے کرتی ہے جس پر عمل آوری ممکن ہوتی ہے ۔ کانگریس کے انتخابی منشور سے کسانوں کے لیے علحدہ بجٹ پیش کرنے کا وعدہ کیا گیا ۔ نیائیے اسکیم کے ذریعہ غریبی پر کیا گیا وار ہے ، جس سے بی جے پی اور اس کی خفیہ حلیف ٹی آر ایس تلملا اُٹھی ہیں ۔ ان اسکیمات کے نقائص پر روشنی ڈالنے کے بجائے اس پر عمل آوری کو ناممکن قرار دیتے ہوئے اپنی بوکھلاہٹ کا اظہار کررہے ہیں ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ ایک طرف ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر چیف منسٹر کے سی آر کے وزیراعظم بننے کا دعویٰ کررہے ہیں ۔ دوسری طرف کے سی آر وزیراعظم بننے کی کوئی خواہش نہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے تقسیم آندھرا پردیش بل میں تلنگانہ سے جو وعدے کیے گئے اس پر عمل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی آپس میں گٹھ جوڑ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ان دونوں جماعتوں کو شکست دینے پر ہی تلنگانہ سے انصاف ہوگا ۔ انجن کمار یادو نے انہیں حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی اور کامیاب ہونے پر عوام کے درمیان رہ کر مسائل کی یکسوئی میں پیش پیش رہنے کا تیقن دیا ۔ کانگریس کے امیدوار نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں اصل مقابلہ فرقہ پرستی اور سیکولرازم کے درمیان ہے ۔ بی جے پی نے عوامی اعتماد کو ٹھیس پہونچائی اور ٹی آر ایس وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ ایسی جماعتوں پر دوبارہ بھروسہ کرنا حلقہ سکندرآباد کو ترقی سے محروم کرنے کے مترادف ہوگا ۔ لہذا وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں اپنا قیمتی ووٹ کامیاب ہونے والی جماعت کانگریس کو دیں ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کو دیتے ہوئے ضائع نہ کرنے کی اپیل کی ۔۔