گول ناکہ تک توسیع سے اتفاق ، آرام گھر تا شمس آباد روڈ چار اہم پراجکٹوں میں شامل
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ و آبی وسائل نتن گڈکری نے آج عنبر پیٹ فلائی اوور کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھا ۔ گول ناکہ تا رامنتا پورم تک اس فلائی اوور کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ہی عنبر پیٹ کے رہنے والے عوام کا 15 سال پرانا خواب آج پورا ہوگیا ۔ انہوں نے سنگاریڈی ، گجویل ، چوٹ اپل روٹ کا حاطہ کرنے والی علاقائی رنگ روڈ اور چوٹ اپل ، شاد نگر ، کانڈی روٹ کے لیے 5,500 کروڑ روپئے ، نظام آباد اور مدنور پر چار لائن سڑک کی تعمیر کے لیے 1000 کروڑ روپئے کی منظوری کا اعلان کیا ۔ مجوزہ فلائی اوور میں مزید 200 میٹر کی توسیع کے ساتھ گول ناکہ کا احاطہ کرنے کے لیے عنبر پیٹ کے رکن اسمبلی کشن ریڈی کی درخواست سے بھی گڈکری فوری اتفاق کرلیا ۔ عنبر پیٹ فلائی اوور کی تعمیر سے علاقہ میں مقامی ٹریفک کی آمد و رفت میں سہولت ہوگی ۔ اور بالخصوص ورنگل ہائی وے پر سفر کرنے والوں کو کافی راحت ہوگی ۔ رسم بنیاد تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ ، وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ ، سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ ، اپل کے رکن اسمبلی این وی وی ایس پربھاکر ، عنبر پیٹ کے رکن اسمبلی کشن ریڈی اور دوسرے بھی موجود تھے ۔ شہر حیدرآباد میں ٹریفک کی آمد و رفت کو بلارکاوٹ آسان بنانے کے اقدامات کے طور پر سڑکوں کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس ضمن میں مرکز اور جی ایچ ایم سی کے اشتراک سے چار بڑے پراجکٹوں کو منظوری دی گئی ہے ۔ حیدرآباد ، بنگلور نیشنل ہائی وے پر 283.15 کروڑ روپئے کی تخمینی لاگت سے آرام گھر تا شمس آباد سکشن پر 10.48 کیلو میٹر طویل چھ لائن سڑک تعمیر کی جائے گی ۔ 24 ماہ میں مکمل ہونے والے اس پراجکٹ میں تین فلائی اوورس بھی شامل رہیں گے ۔ عنبر پیٹ چوراہا پر 186.71 کروڑ روپئے کے مصارف سے 1.465 کیلو میٹر طویل چار لائن فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا ۔۔