کانگریس امیدوار فیروز خاں کا عہد،خواتین کا اجلاس، ترقیاتی ایجنڈہ پیش
حیدرآباد ۔ 27۔ نومبر (سیاست نیوز) نامپلی اسمبلی حلقہ کے کانگریسی امیدوار محمد فیروز خاں نے کرپشن اور کمیشن کے خاتمہ کا عہد کیا اور کہا کہ انہیں رکن اسمبلی منتخب کرنے پر وہ عوام کو مذکورہ دونوں برائیوں سے نجات دلا دیں گے۔ فیروز خاں نے آج خواتین کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور فیروز خاں کی تائید کا عہد کیا ۔ یوسف فنکشن ہال میں منعقدہ خواتین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ نامپلی اسمبلی حلقہ میںمقامی سیاسی جماعت کے قائدین اور کارکنوں نے عوام سے کمیشن کے حصول کو لازمی کرلیا ہے۔ سرکاری اسکیمات پر عمل آوری ہو یا پھر مکان کی تعمیر مقامی جماعت کے قائدین کو کمیشن ادا کئے بغیر کام نہیں ہوسکتا۔ اس برائیوں ختم کرنے کیلئے نامپلی سے مقامی جماعت کا صفایا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی جماعت سے تعلق رکھنے والے غیر سماجی عناصر کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ شہر کے دیگر علاقوں سے زیادہ نامپلی میں جرائم کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ وہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد غیر سماجی عناصر کو قابو میں کرنے کیلئے قدم اٹھائیں گے۔ نامپلی میں کوئی بھی شخص ان کی ہراسانی کا شکار نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمات کے سلسلہ میں اگر کوئی بھی ر قم کا مطالبہ کرتے ہے تو اسے اینٹی کرپشن کے حوالے کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کا مطالبہ کرنے والے بھلے ہی کسی پارٹی سے ہوں ، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ فیروز خاں نے کہا کہ نامپلی کو پسماندہ علاقہ میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ علاقہ کی ترقی پر مقامی جماعت نے کبھی بھی توجہ نہیں دی۔ تعلیم ، طب کے علاوہ دیگر شعبوں میں علاقہ کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔ عوام بنیادی طبی سہولتوں سے محروم ہیں۔ فیروز خاں نے ہر ڈیویژن میں ایک اسکول اور خواتین کیلئے ہاسپٹلس قائم کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا اکہ وہ اپنے ذاتی خرچ سے مختلف فلاحی اسکیمات کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کے سبب نامپلی میں روڈی ازم اور دیگر جرائم کو فروغ حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگای کے خاتمہ کے ذریعہ ان جرائم کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ کانگریس پارٹی بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ڈرگس اور دیگر برائیوں میں ملوث ہوچکیک ہے ۔ فیروز خاں نے کہا کہ سماج کا سدھار وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے خواتین کو یقین دلایا کہ وہ بہبودی سے متعلق اسکیمات پر عمل آوری کو یقینی بنائیں گے۔ اجلاس میں کانگریس کے مقامی قائدین بھی شریک تھے۔