وجئے نگر کالونی اور دیگر علاقوں میں پدیاترا، فرسٹ لانسر میں جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد ۔ 5۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) نامپلی اسمبلی حلقہ کے کانگریسی امیدوار محمد فیروز خان نے انتخابی مہم کے آخری دن وجئے نگر کالونی، تاج نگر اور فیروز گاندھی نگر میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے کل رات سید نگر فرسٹ لانسر میں انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ مہم کے آخری دن عوامی اتحاد کے امیدوار کو رائے دہندوں کی غیر معمولی تائید حاصل ہوئی۔ عوام نے جگہ جگہ فیروز خان کا استقبال کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ انہیں نامپلی کی ترقی کے لیے بحیثیت رکن اسمبلی منتخب کریں گے۔ عوام نے بنیادی مسائل کی یکسوئی میں مقامی جماعت پر ناکامی کا الزام عائد کیا اور امید ظاہر کی کہ فیروز خان ایک نوجوان رکن اسمبلی کی حیثیت سے عوامی خدمات کی تاریخ رقم کریں گے۔ فیروز خان نے رائے دہندوں سے کہا کہ وہ خالص خدمت کے جذبے کے تحت انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ وہ نامپلی کو اپنے گھر کی طرح دیکھنا چاہتے ہیں۔ نامپلی حلقے کا ہر شخص ان کے لیے ایک فرد خاندان ہے اور یہ حلقہ ان کا مکمل خاندان ہے۔ فیروز خان نے کہا کہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے منتخب ہونے پر وہ اندرون ایک سال پسماندگی کے خاتمے کے لیے جنگی خطوط پر اقدامات کریں گے۔ غریبوں کو مکانات کی فراہمی اور بے روزگاروں کو روزگار کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ فیروز خان نے کہا کہ گزشتہ 20 برسوں میں نامپلی حلقہ کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا۔
وہ جہاں بھی جاتے عوام بنیادی مسائل کے سلسلہ میں شکایت کرتے۔ انہوں نے کہا کہ بلالحاظ مذہب و ملت عوام کی تائید کے ذریعہ وہ نامپلی کو مثالی حلقہ میں تبدیل کردیں گے۔ کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور کے علاوہ وہ شخصی طور پر علیحدہ منشور تیار کرچکے ہیں۔ انہوں نے ہر اسمبلی حلقہ میں غریبوں کے لیے ماڈل اسکول اور سہولتوں سے آراستہ ہاسپٹل کے قیام کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نامپلی اسمبلی حلقہ سے جرائم کے خاتمہ کے لیے وہ اقدامات کریں گے۔ وہ غیر سماجی عناصر کو انتباہ دیتے ہیں کہ اگر وہ اپنی سرگرمیوں کو بند نہیں کریں گے تو انہیں پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا جائے گا۔ فیروز خان نے کہا کہ رائے دہی کے دن مقامی جماعت کی جانب سے انتخابی بے قاعدگیوں کو روکنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ پدیاترا کے دوران فیروز خان کی جگہ جگہ گلپوشی کی گئی۔