سرکاری اور پارٹی امداد کا اعلان ۔ وشاکھاپٹنم میں اراضی کی فراہمی
وشاکھاپٹنم ( اے پی ) 28 ستمبر ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج ماویسٹوں کے ہاتھوں ہلاک دو تلگودیشم قائدین کے گھروں کا دورہ کیا ۔ 23 ستمبر کو تلگودیشم کے ایک موجودہ رکن اسمبلی اور ایک سابق رکن اسمبلی کو ماویسٹوں نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا ۔ نائیڈو آج صبح ایک خصوصی طیارہ سے وشاکھاپٹنم پہونچے اور پھر ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پاڈیرو پہونچے ۔ وہاں انہوں نے اراکو رکن اسمبلی مسٹر راو اورسابق رکن اسمبلی ایس سوما کے رشتہ داروں سے ملاقات کی اور انہیں پرسہ دیا ۔ اس واقعہ پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ جمہوریت میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے رکن اسمبلی کے دو فرزندوں کو پرسہ دیا اور ہر طرح کی مدد کا تیقن دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے راو کے ایک فرزند کو گروپ 1 ملازمت فراہم کی جائیگی اور وشاکھاپٹنم میں گھر تعمیر کرنے اراضی فراہم کی جائیگی ۔ اس کے علاوہ خاندان کے ہر فرد کو پارٹی کی جانب سے فی کس پانچ لاکھ روپئے مالی مدد بھی دی جائیگی ۔ نائیڈو نے کہا کہ راو نے ہمیشہ ایجنسی علاقوں کی ترقی کیلئے جدوجہد کی تھی ۔ بعد ازاںنائیڈو نے امراوتی میں میڈیا کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے رکن اسمبلی کے افراد خاندان کو ایک کروڑ روپئے اور سابق رکن اسمبلی کے افراد خاندان کو 70 لاکھ روپئے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے ۔ دونوںخاندانوں کو اراضی بھی فراہم کی جائیگی ۔ علاوہ ازیں دونوں خاندان کے ہر فرد کو پارٹی کی جانب سے فی کس پانچ لاکھ روپئے بھی دئے جائینگے ۔