نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری سے محمد علی شبیر کی ملاقات

حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے دہلی میں نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ ملک اور تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اپوزیشن کی صدارتی امیدوار میرا کمار کے پرچہ نامزدگی پر دستخط کرنے کیلئے دہلی پہونچنے والے محمد علی شبیر نے قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد کے ساتھ حامد انصاری کی قیام گاہ پہنچ کر ان سے خیرسگالی ملاقات کی۔ ملک و ریاست کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تلنگانہ میں مسلمانوں کو تعلیم و ملازمتوں میں دیئے گئے تحفظات اور اس کی عمل آوری پر بھی نائب صدرجمہوریہ نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد نے بھی جن کا ریاست تلنگانہ سے گہرا تعلق ہے، مختلف مسائل پر تاثرات پیش کئے۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے ملک اور تلنگانہ کے تازہ مسائل پر گفتگو کرنے کا موقع فراہم کرنے پر نائب صدرجمہوریہ سے اظہار تشکر کیا۔