میں مسلمانوں سے محبت رکھتا ہوں ، یہ عظیم لوگ ہیں

ریپبلکن پارٹی کے امریکی صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کا بیان
شکاگو ۔ /20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدارتی انتخابات 2016 ء کے ریپبلکن پارٹی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں مسلمانوں سے محبت رکھتا ہوں ، یہ عظیم لوگ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجھے اقتدار دیا گیا تو میں اپنی کابینہ میں مسلم طبقہ کے ایک رکن کو شامل کروں گا ۔ ریپبلکن صدارتی امیدوار نے یہ ریمارک ایوا میں ہائی اسکول طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سی این این کی جانب سے یہ سوال کئے جانے کے بعد کہ آیا وہ مسلمانوں کو امریکہ کیلئے خطرہ سمجھتے ہیں ۔ 69 سالہ رئیل اسٹیٹ تاجر نے کہا کہ میں مسلمانوں سے محبت کرتا ہوں ۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ عظیم لوگ ہیں ۔ طلباء کے ساتھ سوال جواب سیشن کے دوران رونالڈ ٹرمپ نے اپنی مہم کے موقع پر مسلمانوں کے خلاف کئے گئے ریمارک سے پیدا ہونے والے تازہ سیاسی تنازعہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کو ٹالنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے ۔ ان کا یہ بیان بھی ان کے حق میں بہتر نہیں ثابت ہوا کیونکہ انہوں نے صدر امریکہ بارک اوباما کو ایک مسلم صدر کہا تھا ۔ ایک طالبہ  نے ڈونالڈ ٹرمپ سے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ امریکی مسلمان اس ملک کے اہم شہری ہیں ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا وہ اپنی کابینہ میں ایک مسلمان کو شامل کریں گے یا ان کی پارٹی ایک مسلمان کو ٹکٹ دے گی ۔ کھرب پتی تاجر نے کہا کہ بلاشبہ ایسا کرنے میں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ۔ نیو ہیمسپائر ٹاؤن ہال میں جب ایک حامی نے یہ کہا کہ اوباما ایک مسلمان ہے امریکی نہیں اس پر ڈونالڈ ٹرمپ نے درست بیان نہیں دیا اور سوال کنندہ کے یہ پوچھے جانے پر کہ بحیثیت صدارتی امیدوار وہ ملک میں مسلمانوں کے بارے میں کیا منصوبہ رکھتے ہیں اس پر وہ خاموش رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بے شمار مختلف چیزوں پر نظر رکھتے ہیں ۔ آپ جانتے ہیں کہ عوام کی اکثریت جو کہتی ہے وہ درست نہیں ہوتی اور جو لوگ بعض وقت ریمارک کرتے ہیں اس سے خراب واقعہ رونما ہوتا ہے ۔
مسلمانوں کے خلاف ریمارک کے بعد تنقید کا نشانہ بننے والے ڈونالڈ ٹرمپ نے کل اپنے بیان کی وضاحت میں سلسلہ وار ٹوئٹ پیامات روانہ کئے تھے ۔