میکسیکو کی سرحد پر دیوار بہر قیمت تعمیر کی جائے گی : ٹرمپ

وائیٹ ہاؤز پریس سیکریٹری شین اسپائسر کے ساتھ میڈیا سے بات چیت
واشنگٹن۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج میکسیکو کی سرحد کے قریب بلند اور طویل دیوار تعمیر کرنے کے اپنے وعدہ کا اعادہ کیا کیونکہ حالیہ دنوں میں یہ خبریں گشت کررہی ہیں کہ ٹرمپ اپنے منصوبے پر عمل آوری نہیں کرپائیں گے۔ وائیٹ ہاؤز میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ دیوار بہرقیمت تعمیر کی جائے گی۔ یہ خبریں گشت کررہی ہیں کہ ری پبلیکن پارٹی میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے منصوبہ پر نظرثانی کررہی ہے کیونکہ حکومت کی جو پالیسی ہے جس کے مطابق دیوار کو لے کر سرکاری شٹ ڈاؤن کو نظرانداز کرتا ہے۔ تعمیر کی ابتداء کیلئے ٹرمپ اس بات پر مصر ہیں کہ فنڈس مہیا کروائے جائیں تاہم اس کے بعد اسپینڈنگ بل بھی لیت و لعل کا شکار ہوگیا ہے۔ ٹرمپ نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ دیوار بہرقیمت تعمیر ہوگی۔ اگر کوئی یہ سوال پوچھنا چاہتا ہے تو پوچھ سکتا ہے لیکن میرا جواب یہی ہوگا کہ دیوار کی تعمیر کے ذریعہ ہی ہم منشیات کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کرسکیں گے جو اس وقت دنیا کا سُلگتا ہوا مسئلہ ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ اس کے بارے میں کوئی زیادہ بات نہیں کرتا۔ آج حال یہ ہے کہ جب سے ہم نے نئی حکومت تشکیل دی ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ اور غیرقانونی طور پر امریکہ آنے والوں کا تناسب 73 اور 74% کم ہوگیا ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز یو ایس ہوم لینڈ سکیورٹی سیکریٹری جان کیلی نے بھی ان سے (ٹرمپ) کہا کہ اس وقت امریکہ کو بلند اور طویل دیوار کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ میں صرف کچھ منٹوں کے لئے ہی مسٹر کیلی کے ساتھ تھا لیکن انہوں نے جس انداز سے دیوار تعمیر کی بات کہی، اس سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ امریکہ کو واقعتاً دیوار کی ضرورت ہے جس کی تعمیر ہر حال میں کی جائے گی۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ دیوار کی تعمیر کو لوگ بڑا تنازعہ بناکر کیوں پیش کررہے ہیں۔ میں اکثر ٹیلی ویژن شوز دیکھتا ہوں جہاں دیوار کی تعمیر پر لوگ مباحثہ کرتے نظر آتے ہیں جبکہ وہ یہ نہیں جانتے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں تاہم میں ایک بار پھر یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ دیوار کی تعمیر 100% ہوگی۔ حکومت نے دیوار کی تعمیر کے لئے اپنی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ صدر ٹرمپ نے بھی واضح طور پر اپنی ترجیحات عوام کے سامنے پیش کردی ہیں جس میں دیوار کی تعمیر کو اولین ترجیح حاصل ہے، کیونکہ اگر غیرقانونی انسانی تجارت اور بدنام زمانہ گینگس جیسے MS-13 کو امریکہ آنے سے روکنا ہے تو دیوار کی تعمیر کرنی ہی پڑے گی۔ وائیٹ ہاؤز پریس سیکریٹری شین اسپائسر نے بھی کہا کہ امریکہ میں منشیات کی اسمگلنگ کرنے والوں کو ہر قیمت پر روکنا ہے۔ امریکہ اب غیرقانونی طور پر آئے ہوئے لوگوں کو برداشت نہیں کرسکتا۔ علاوہ ازیں دیوار کی تعمیر کے بعد ہمیں سکیورٹی سے متعلق بھی آسودگی حاصل ہوگی اور ملک کے تحفظ کے بارے میں ہم فکرمند نہیں رہیں گے۔ مالیاتی سال 2017ء کے دوران ہم نے متعدد منصوبے بنائے ہیں جن پر عمل آوری ضروری ہے اور درکار فنڈس کے ساتھ اپنے بجٹ پر کام کرتے ہوئے ہم 2018ء میں بھی کئی اہم کام انجام دیں گے۔