میکسیکو میں پٹرول کی اضافی قیمت کیخلاف ملک گیر احتجاج

میکسیکوسٹی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) میکسیکو میںعوام نے پٹرول کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ملک گیر پیمانے پر سڑکوں پر ٹریفک بہاؤ کو مسدود کردیا۔ تاہم اس کے باوجود حکومت نے اضافہ کا فیصلہ یہ کہہ کر واپس نہیں لیا کہ یہ فیصلہ دراصل توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کا ایک حصہ ہے۔ اسی دوران بزنس فیڈریشن کو پارمیکس نے بھی پٹرول کی قیمت میں زبردست اضافہ کو صارفین کیلئے نقصاندہ بتایا۔ دریںاثناء پولیس نے بتایا کہ احتجاجی عوام نے تقریباً 10 ریاستوں میں راستہ روکو احتجاج منظم کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ وزیراعظم انریک پینانیٹو کی حکومت نے گذشتہ ہفتہ پٹرول کی قیمتوں میں 20 فیصد اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16.5 فیصد اضافہ کا اعلان کیا تھا جس کا اطلاق نئے سال کے پہلے دن سے کیا گیا تھا۔