سیاسی اعتبار سے ٹی آر ایس حکومت غیر متزلزل ۔ ریونت ریڈی کی کانگریس میںشمولیت اہم
حیدرآباد 28 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) سال 2017 ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کیلئے کسی مسئلہ یا پریشانی سے معمور نہیں رہا اور اس سال کے دوران حیدرآباد بھی میٹرو ریل کے نقشہ میں شامل ہوگیا ۔ اس کے علاوہ اس سال میں حیدرآباد میں ایک بین الاقوامی چوٹی کانفرنس بھی منعقد ہوئی جس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر و مشیر ایوانکا ٹرمپ نے بھی شرکت کی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 28 نومبر کو میاںپور سے ناگول کے درمیان 30 کیلومیٹر کی راہداری کیلئے میٹرو ٹرین کا افتتاح انجام دیا تھا ۔ اس میٹرو ٹرین سے شہریوں کو راحت ملی جو ٹریفک کے شدید مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ حیدرآباد میٹرو ریل پراجیکٹ جملہ 72 کیلومیٹر پر محیط ہے جو دنیا کا سب سے بڑا عوامی ۔ خانگی شراکت والا پراجیکٹ ہے ۔ میٹرو ٹرین کے آغاز کے دن ہی وزیر اعظم نے گلوبل انٹرپرینرشپ چوٹی کانفرنس کا بھی افتتاح کیا جس کا اہتمام نیتی آیوگ اور حکومت امریکہ کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ اس چوٹی کانفرنس کا پہلی مرتبہ جنوبی ایشیا میں اہتمام ہوا تھا اور اس سے نریندر مودی اور ایوانکا ٹرمپ نے خطاب کیا تھا ۔ ایوانکا نے امریکی وفد کی قیادت کی تھی ۔ اس چوٹی کانفرنس میں حکومت تلنگانہ نے ایک مخصوص اختراعی ہب WE Hub قائم کرنے کا اعلان کیا تاکہ خاتون تاجرین کی مدد کی جاسکے ۔ اس سال کے دوران حکومت تلنگانہ کی جانب سے عالمی تلگو کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جو تقسیم آندھرا پردیش کے بعد پہلی مرتبہ ریاست میں منعقد ہوئی تھی ۔ اس سال معروف تلگو ادیب ‘ نغمہ نگار و گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ سی نارائن ریڈی کا انتقال ہوگیا جو تلنگانہ سے تعلق رکھتے تھے ۔ سیاسی طور پر یہ سال ٹی آر ایس حکومت کیلئے پرسکون ہی رہا ۔ اب حکومت اپنے باوقار آبپاشی پارجیکٹس جیسے کالیشورم کو پورا کرنا چاہتی ہے اور سماجی سکیوریٹی پنشن جیسی مختلف فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اس سال سیاسی طور پر اہم واقعہ شعلہ بیان لیڈر اے ریونت ریڈی کی کانگریس میں شمولیت کا رہا ۔ امید کی جا رہی ہے کہ ریونت ریڈی سے کانگریس کے حوصلے بلند ہونگے اور کارکنوں میں جوش پیدا ہوگا ۔ تلنگانہ میں تلگودیشم یونٹ بری طرح کمزور ہوگئی ہے ۔ 2014 میں حالانکہ تلگودیشم کے 15 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے تھے لیکن اب اس کے صرف دو ارکان رہ گئے ہیں ۔ باقی تمام نے انحراف کرلیا ہے ۔ اپوزیشن بی جے پی کی جانب سے ریاست میں پارٹی کو مستحکم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں اور پارٹی صدر امیت شاہ نے مئی کے مہینے میں تین دن تک ریاست کا دورہ کیا تھا ۔ اس سال اسمبلی میں مسلمانوں اور درج فہرست قبائل کو تحفظات کی حد میں اضافہ کا بل بھی منظور کیا گیا ۔ ماؤیسٹ لیڈر جی نرسمہا ریڈی عرف جمپنا نے گذشتہ ہفتے ہتھیار ڈال دئے ۔ اسپورٹس کے شعبہ میں پی وی سندھو اور کدمبی سریکانت نے خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کیں۔