حیدرآباد ۔ 24 ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن آج یہاں خیریت آباد میٹرو اسٹیشن سے سیکل چلاتے ہوئے سرکاری رہائش گاہ راج بھون پہنچے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب کے اختتام کے بعد وہ میٹرو ٹرین کے ذریعہ واپس ہوئے اور اپنی رہائش گاہ سے قریب خیریت آباد میٹر واسٹیشن پر اتر گئے ۔ اسٹیشن پر مسافرین کیلئے دستیاب اسمارٹ سیکل لیکر سب کو حیرت میں ڈال دیا ۔ بعد ازاں اس سیکل کے ذریعہ ایک کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرتے ہوئے راج بھون پہنچے اور سیکورٹی گارڈس کو ان کے پیچھے دوڑنا پڑا ۔ 72سالہ نرسمہن جو ریٹائرڈ آئی پی ایس آفیسر ہیں‘ انٹلیجنس بیورو ( آئی بی ) سربراہ کی حیثیت سے اپنی طویل خدمات کے بعد وظیفہ پر سبکدوش ہوئے تھے ۔ سیکل رانی کے دوران وہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ اور دوسروں سے آگے تھے ۔ یہ اسمارٹ سیکلس جرمنی سے درآمد کی گئی ہیں اور منتخب میٹرو اسٹیشنوں پر مسافرین کیلئے دستیاب رکھی گئی ہیں جنہیں وہ اپنی منزل مقصود تک رابطہ و رسائی کیلئے استعمال کرسکتے ہیں ۔